مزید خبریں

سندھ کے بعد پنجاب کا بھی بازار رات9 بجے بند کرنے کا فیصلہ

لاہور (صباح نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے توانائی کی بچت کے لیے پنجاب بھر میں مارکیٹیں، بازار اور کاروباری مراکز رات 9 بجے بند کرنے کا اعلان کردیا۔ اجلاس کے بعد جاری ہینڈ آؤٹ کے مطابق حمزہ شہباز نے صوبہ بھر کے تاجر رہنماؤں اورنمائندوں سے ملاقات کرنے کے بعد کہا کہ توانائی کی بچت کے لیے صوبہ بھر کی تاجر برادری کی مشاورت سے بڑا فیصلہ کیا ہے، ریسٹورنٹس رات ساڑھے 11بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ شادی ہال سابق پالیسی کے تحت رات 10 بجے تک کھل سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہفتے کو تاجر برادری کو کاروبار کے اوقات میں خصوصی رعایت دی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ میڈیکل اسٹورز پر اس فیصلے کا اطلاق نہیں ہو گا اور عید کی شاپنگ کے لیے اوقات کار کی پالیسی کا تاجر برادری کی مشاورت سے جائزہ لیا جائے گا۔ اطلاعات کے مطابق حکومتی پلان پر عمل درآمد آئندہ ہفتے سے شروع ہوگا،پنجاب میں پہلے مرحلے میں رات 9 بجے مارکیٹیں بند کرنے کی یہ پابندی 2 ماہ کے لیے لگائی جائے گی، جولائی اور اگست کے بعد مزید فیصلہ ہو گا۔صدر لاہور چیمبر نعمان کبیر نے کہا ہے کہ قومی مفاد کے فیصلوں پر ساتھ ہیں، پیٹرول اور بجلی بچانا قومی فریضہ ہے، عوام کم سے کم بجلی استعمال کریں۔دوسری جانب صوبائی دارالحکومت میں 63 کمرشل مارکیٹس بند کرنے کی فہرست بنائی گئی ، کمرشل مارکیٹس میں رات 9 کے بعد کتنی بجلی استعمال ہو رہی ہے؟ رات 9 کے بعد کون کون سی مارکیٹس بند کی جا سکتی ہیں؟ لاہور میں رات 9 بجے کے بعد کمرشل فیڈرز پر 361 میگا واٹ استعمال ہو رہے ہیںان امورکی رپورٹ وزیراعلیٰ کوپیش کردی گئی ہے۔علاوہ ازیں قومی تاجر اتحاد کے چیئرمین سپریم کونسل خواجہ اظہر گلشن اورآل پاکستان انجمن تاجران کے صدر خالد پرویز نے کہاہے کہ فیصلے سے کاروبار شدید متاثر ہوں گے، عید الاضحی قریب ہے، دکانداروں نے عید کے لیے مال خرید لیا ہے، حکومت دوہفتے لوڈشیڈنگ برداشت کر لے کاروبار تباہ نہ کرے۔انہوں نے حکومتی فیصلہ مسترد کرتے ہوئے 8 جولائی کو شٹر ڈاؤن ہڑال کی کال دے دی ہے۔