مزید خبریں

سابق وزیر اعظم عمران خان کے قتل کی سپاری دیے جانے کا انکشاف

اسلام آباد،لاہور(نمائندہ جسارت،خبر ایجنسیاں)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے پارٹی چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے قتل کی سپاری دیے جانے کا دعویٰ کیا ہے۔فیاض الحسن چوہان نے دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان میں موجود کوچی نامی دہشت گرد کو عمران خان کو قتل کرنے کی سپاری دی گئی ہے۔عمران خان کے میڈیا ایڈوائزر فیاض الحسن چوہان کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ اطلاع ہے کہ کچھ لوگوں نے افغانستان میں موجود کوچی نامی دہشت گرد کو تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو قتل کرنے کی سپاری دی ہے۔خیال رہے کہ 31 مارچ 2022 کو سب سے پہلے سابق وفاقی وزیر فیصل واڈا نے نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے پروگرام ‘آف دی ریکارڈ’ میں دعویٰ کیا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے ملک بیچنے سے انکار پر انہیں قتل کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔اسی طرح وفاقی وزرا اسد عمر اور فواد چودھری نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ ’خط‘ میں متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر عمران خان وزیر اعظم رہے تو ‘خوف ناک نتائج’ ہوں گے۔اپریل کے آغاز میں سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے انکشاف کیا تھا کہ سیکورٹی ایجنسیوں کو عمران خان کے قتل کی سازش کی اطلاع ملی تھی۔علاوہ ازیںپاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کامہنگائی کے خلاف آج (اتوار کو) ملک گیر احتجاج ہوگا، چیئرمین عمران خان ویڈیو لنک سے خطاب کرینگے۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد، لاہور،کراچی،پشاور،ملتان،فیصل آباداور دیگر شہروں میں بڑی اسکرینیں نصب کی جائیں گی، تمام بڑے شہروں میں عمران خان کا خطاب اسکرینوں پر دکھایا جائیگا۔پی ٹی آئی اسلام آباد کی جانب سے ایف نائن پارک میں احتجاج کیا جائے گا۔سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے جاری بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی ملک بھر میں عمران خان کی کال پراتوار کو مہنگائی کیخلاف احتجاج کرے گی، انہوں نے اپیل کی کہ قوم امپورٹڈ حکومت کی مہنگائی کے خلاف احتجاج میں حصہ لے، جب تک امپورٹڈ حکومت سے چھٹکارا نہیں مل جاتا احتجاج جاری رہیگا۔قبل ازیں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ جائدادیں باہر رکھنے والوں کو عوام کی مشکلات اور ملک کے مستقبل کی فکر نہیں۔ آج ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف ہونے والے احتجاج میں آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے،چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا اور فیٹف سے نکلنے کے لیے بھرپور محنت کرنے پر عمران خان نے حماد اظہر کو مبارکباد دی۔ اجلاس میں فیٹف رابطہ کمیٹی کے اراکین اور افسران کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔اجلاس میں معیشت کی صورتحال اور مہنگائی پر تبادل خیال کیا گیا جبکہ بجلی، تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف عمران خان کی کال پر ملک گیر احتجاج پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ کورونا وبا اور عالمی مہنگائی کے سامنے پی ٹی آئی حکومت ڈھال بن کر اپنے لوگوں کو بچا رہی تھی اور لٹیروں نے اپنی تجوریاں بچانے کے لیے ملک گروی رکھ کر عوام پر مہنگائی کا عذاب نازل کر دیا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اپنے لوگوں پر دن دیہاڑے ظلم برداشت نہیں کرے گی۔عمران خان نے کہا کہ اتوار کے احتجاج میں قوم کے ساتھ مل کر آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے، ظالم، جبر اور طاقت سے عوام کو اپنے حق کے لیے آواز بلند کرنے سے نہیں روکا جا سکتا، 2 ماہ کے واقعات نے سازش کے ہر کردار اس کے اہداف پوری طرح آشکار کیے۔