مزید خبریں

پنجاب‘ بلوچستان میں موسلا دھار بارش، نالوں میں طغیانی

 

کراچی/ اسلام آباد/ لاہور/ بورے والا (صباح نیوز) پنجاب اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بادل کھل کر برس پڑے، گرمی کا زور ٹوٹ گیا، تحصیل ماوند اور گرد و نواح کے پہاڑی علاقوں میں بارش سے ندی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی بوندا باری، موسم خوشگور ہوگیا، وہاڑی میں چھتیں گرنے سے 2 افراد جاں بحق، 2 شدید زخمی ہوگئے، ممکنہ بارش اور موسمی حالات کے باعث گلگت بلتستان میں سیلابی صورتحال کا خدشہ، این ڈی ایم اے متعلقہ محکموں کواحتیاطی تدایبر اختیار کر نے کی ہدایات جاری کردیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران لاہور ائرپورٹ کے علاقے میں پورے ملک میں سب سے زیادہ 107 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسلام آباد میں گولڑہ کے مقام پر 44 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ اسلام آباد میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ صحرائے چولستان میں خشک سالی کے بعد پہلی بارش ہوئی، شدید گرمی کی وجہ سے چولستانی باشندوں کے جانور مر رہے تھے، چولستانی باشندے پانی کی بوند بوند کو ترس گئے تھے، صحرائے چولستان میں بارش کے بعد چولستانیوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔ علاوہ ازیں ضلع وہاڑی میں طوفانی بارش اور آندھی کے دوران چھتیں گرنے کے 3 واقعات میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہوگئے، درجنوں درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، عوام کی املاک اور آم کے باغات کو بھی شدید نقصان پہنچا، بجلی، سیوریج اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا جس کی بحالی کیلیے کام جاری ہے۔