مزید خبریں

یاسین ملک کی جلد رہائی کیلیے ہر ممکن کوششیں کی جائیں، صدر آزاد کشمیر

لندن/اسلام آباد (صباح نیوز) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہا ہے کہ یاسین ملک کی جلد رہائی کیلیے ہر ممکن کوششیں کی جائیں اور اس سلسلے میں کوئی کسر باقی نہ رکھی جائے کیونکہ بھارتی عدالت نے جو غیر منصفانہ فیصلہ دیا ہے اس سے پتا چلتا ہے کہ یاسین ملک پر بنائے گئے مقدمات بھی جھوٹے تھے اور عدالت کا یہ فیصلہ بھی غلط تھا۔ یاسین ملک کو بھارتی عدالت کی طرف سے جھوٹے مقدمات میں عمر قید کی سزا کے خلاف اور ان کی رہائی کیلیے لنکنز ان میں بنائی گئی ڈیفنس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے دوران کمیٹی کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈیفنس کمیٹی نے صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو یقین دلایا کہ ہم نے اس سلسلے میں تمام ضروری دستاویزات حاصل کر کے اپنا کام شروع کر دیا ہے اور ہم اس سلسلے میں یہاں پر سینئر قانونی ماہرین سے بھی مشاورت کریں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ تارکین وطن کشمیری ہمارا اثاثہ ہیں، مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کیلیے پالیسیاں بنا رہے ہیں، اوورسیز کی مدد سے صحت،تعلیم،روزگار کے فلاحی ادارے قائم کریں گے اور سول اسپتالوں میں جدید مشینری اور ادویات کی کمی کو پورا کریں گے۔