مزید خبریں

پنجاب: 10 شوگر ملز نے کسانوں کے ایک ارب 18 کروڑ دبا لیے

لاہور (صباح نیوز) پنجاب کی 10 شوگر ملز نے کسانوں کے ایک ارب 18 کروڑ روپے سے زائد کے واجبات دبا لیے۔ کین کمشنر پنجاب محمد زمان وٹو کی جانب سے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو خط لکھا گیا کہ شوگر ملز نے کسانوں کے فروری، مارچ اور اپریل کے ایک ارب 18 کروڑ روپے سے زائد کے واجبات دبا لیے ہیں، اس رقم کی کسانوں کو ادائیگی یقینی بنانے کیلیے اقدامات کیے جائیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اختر خان اور ان کے بھائی ہارون اختر خان کی تاندلیانوالہ شوگر ملز کے ذمے 27 کروڑ روپے کی رقم واجب الادا ہے جبکہ سابق وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار کے بھائی عمر شہریار کی آر وائی کے کے ذمے 16کروڑ روپے سے زائد کی رقم واجب الادا ہے، چنار شوگر ملز کے ذمے 24 کروڑ، پاک تاندلیانوالا مظفرگڑھ کے ذمے 15 کروڑ سے زائد، پتوکی شوگر مل کے ذمے 97 لاکھ، حسین شوگر مل کے ذمے 7 کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔ کین کمشنر پنجاب نے ڈپٹی کمشنرز سے کہا ہے کہ شوگر ملز سے فوری رابطے کیے جائیں اور کسانوں کو ادائیگیاں یقینی بنائی جائیں۔