مزید خبریں

چیف جسٹس اطہر من اللہ کے فیصلے کی امریکی عدالت میں گونج

 

اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کے فیصلوں کی عالمی سطح پر پذیرائی ہوئی ہے، کاون ہاتھی سے متعلق چیف جسٹس اطہر من اللہ کے فیصلے کا امریکی عدالتی فیصلے میں تذکرہ ہوا ہے،سٹیٹ آف نیو یارک کورٹ آف اپیلز کے14 جون کے فیصلے میں چیف جسٹس اطہر من اللہ کے فیصلے کا تذکرہ کیا ۔ امریکی عدالت نے چیف جسٹس اطہر من اللہ کے جانوروں سے متعلق دیئے گئے فیصلے کا ایک پیراگراف اپنے فیصلے میں شامل( reproduce )کیا ہے،امریکی عدالت نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے سے متعلق پیرا گراف لکھا کہ بلاشبہ جانور بھی حساس وجود رکھتے ہیں، ان کے بھی جذبات ہوتے ہیں ،جانور بھی خوشی غمی کے لمحات محسوس کر سکتے ہیں ،ہر قسم کے جانوروں کے قدرتی طور اپنی اپنی رہنے کی جگہیں ہیں ،جانور کی اپنی ضرورت کے مطابق ان کو ماحول چاہیے ہوتا ہے، قدرتی ماحول کے برعکس ایک ہاتھی کو دوسرے ہاتھیوں سے الگ کرکے اکیلے کیسے رکھا جا سکتا ہے؟قدرتی طور پر جانوروں کے بھی حقوق ہیں اور وہ ان کو ملنے چاہئیں، جانوروں کا حق ہے کہ وہ اپنی قدرتی ضروریات پوری کرنے والے ماحول میں رہیں ۔