مزید خبریں

بے حجاب خواتین جانوروں کی طرح نظر آنے کی کوشش کررہی ہیں،طالبان

کابل (آن لائن )طالبان کی مذہبی پولیس نے حجاب نہ پہننے والی خواتین کو جانوروں سے تشبیہ دے دی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے شہر قندھار میں مختلف عوامی مقامات پر ایسے پوسٹرز آویزاں کیے گئے ہیں جن پر درج ہے کہ وہ مسلمان خواتین جو حجاب نہیں کرتیں وہ جانوروں کی طرح نظر آنے کی کوشش کررہی ہیں۔ پوسٹرز قندھار کی دکانوں، کیفے اور مختلف مقامات پر آویزاں کیے گئے ہیں جن میں برقع پہنی خواتین کوبھی دکھایا گیا ہے۔ طالبان کے ایک عہدیدار کی جانب سے بھی اس قسم کے پوسٹر لگانے کی تصدیق کی گئی ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ حجاب کی پابندی نہ کرنے والی خواتین کے اہلخانہ کو ایسے پوسٹرز کی مدد سے آگاہ کیاجارہا ہے۔ عہدیدار کے مطابق طالبان کا کہنا ہے کہ حکم کی تعمیل نہ کرنے والی خواتین کے رشتے دار مردوں کو آگاہ کردیا جائے کہ انہیں سرکاری ملازمتوں سے معطل کردیا جائے گا۔یاد رہے کہ اس سے قبل طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے اعلان کیا تھا کہ افغانستان میں نئی حکومت میں خواتین کوحجاب کیساتھ کام کرنے اور تعلیم حاصل کرنیکی اجازت ہوگی۔بعد ازاں ٹی وی پر پروگرام کرنے والی نیوز اینکرز کے لیے حجاب اور چہرہ ڈھانپنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔