مزید خبریں

حکمرانوں کی نااہلی کے باعث 70 لاکھ نوجوان بیروزگار ہیں

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی پی پی117کے امیرچودھری عبدالغفور، جنرل سیکرٹری مختارعلی،ہدایت اللہ نے کہا ہے کہ ایک طرف غریب نان شبینہ کا محتاج ہے تو دوسری جانب حکمرانوں کے اثاثوں میں اضافہ ہورہا ہے، لیکن ڈھٹائی کا عالم یہ ہے کہ حکمران اب بھی قوم کو یہی رٹ سناتے ہیں کہ وہی ملک کے مسائل حل کر سکتے ہیں۔ ان حکمرانوں کی وجہ سے ملک میں ستر لاکھ نوجوان منشیات کے عادی، 85فیصد لوگ مضرصحت پانی پینے پر مجبور ہیں۔ گزشتہ تین برسوں میں مزید ایک کروڑ لوگ بے روزگاری کا شکار ہوئے اور خط غربت سے نیچے چلے گئے۔ اس وقت مجموعی طور پر ملک میں آٹھ کروڑ لوگ غربت کی لکیر کے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ خیبرپختونخوا کے کم و بیش تین سو جنگلات میں آگ لگی ہوئی ہے، گرین گولڈ جل رہا ہے اور حکومتیں تماشا دیکھ رہی ہیں۔ پنجاب میں شرم ناک کھیل جاری، گزشتہ روز اسمبلی کے دو اجلاس ہوئے، ایک سپیکر نے بلایا اور دوسرا گورنر کے آرڈیننس کے تحت ہوا۔ سابقہ حکومت نے کراچی کو 1100ارب روپے دینے کا اعلان کیا جس میں سے تاحال ایک ارب بھی ملک کے سب سے بڑے شہر کو نہیں ملا جہاں آدھی سے زیادہ آبادی کو پینے کا صاف تک میسر نہیں۔ بلوچستان کے ساتھ کیے گئے وعدے وفا نہیں ہوئے جس کی وجہ سے وہاں کا نوجوان باغی ہو رہا ہے۔ قبائلی علاقوں کی ترقی کے اعلانات جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئے۔ تین پارٹیوں نے عدالتی نظام کو تباہ کر دیا ہے۔ آج عدالتوں کے دروازے سونے کی چابی سے کھلتے ہیں، بیس لاکھ سے زائد مقدمات زیرالتوا ہیں۔