مزید خبریں

ماتلی ،پی ایس ٹی ٹیسٹ پاس آئی بے اے امیدواروں کا احتجاج

میرواہ گورچانی (نمائندہ جسارت) محکمہ تعلیم تعلقہ شجاع آباد میرپور خاص کے متاثرہ امیدواروں کا کہنا ہے کہ پرائمری اسکول ٹیچرز کی آسامیوں کی تعداد کو انتہائی کم کر دیا گیا ہے۔محکمہ تعلیم سندھ کی ویب سائٹ پر اور اشتہار بجٹ بک میں خالی آسامیوں کی تعداد تین سو(300) سے زائد ہے،سندھ حکومت کے اعلان پر 40 فیصد نمبر پر پاس کرنے کے باوجود تعلقہ شجاع آباد میں پاس امیدواروں کی مجموعی تعداد کم ہے۔تمام امیدواروں کو ملازمتیں دینے کے باوجود بھی سیٹس بچ جائیں گی جس کی بنا پر تعلقہ شجاع آباد کو ڈپرائیوڈ ایریا میں شمار کیا گیا ہے۔ لیکن افسران کی ملی بھگت سے آسامیوں کی تعداد کو صحیح ظاہر نہیں کیا جا رہا ہے۔ جس کی بنا پر ٹیسٹ پاس کرنے والے امیدواروں کی اکثریت ملازمتوں سے محروم رہ جائیں گی۔ متاثرہ امیدواروں میں بشارت علی،رانا شورو، شہباز،مظفر لغاری، عبدالکریم، ظہیر احمد ،اشوک کمار ،مرتضی عامر ، ظہیر سولنگی اور دیگر کا کہنا تھا کہ ہم متعدد بار متعلقہ افسران سے مل چکے ہیں اور انہیں درخواستیں بھی دے چکے ہیں لیکن ان کے رویے انتہائی غیر مناسب ہیں۔افسران اپنی کرپشن چھپانے کیلیے مختلف بہانے بنا رہے ہیں۔امیدواروں کا کہنا تھا کہ اگر آسامیاں خالی ہونے کے باوجود ہمیں ملازمتوں سے محروم رکھا گیا تو ہم سخت احتجاج کا راستہ اختیار کریں گے۔ شجاع آباد کے امیدواروں نے وزیر تعلیم اور سیکرٹری تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس مسئلے کا سختی سے نوٹس لیں اور تعلقہ شجاع آباد کے چالیس (40) نمبرز تک پاس ہونے والے تمام امیدواروں کو بھرتی کیا جائے۔