مزید خبریں

حکومت اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے ، شہزاد علی ملک

اسلام آباد(کامرس ڈیسک) یونائیٹڈ بزنس گروپ نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ملکی معیشت کو تقویت دینے کے لیے شرح سود کم ، ڈالر کا ریٹ کنٹرول اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرے۔ گروپ کے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیئرمین شہزاد علی ملک نے کہا کہ برآمدات کو فروغ دینے کے لیے صنعتی پیداوار میں اضافے کے لیے جنگی بنیادوں پر فوری منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ایک مرتبہ برآمدات کی سطح بڑھ گئی تو آئی ایم ایف اور دیگر مالیاتی ادارے بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے کو کم کرنے اور روپے کی قدر کے معاملہ پر لچک کا مظاہرہ کریں گے جس کے نتیجے میں قرضوں کی ادائیگی کے لیے ترسیلات زر کو استعمال کرنا سہل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شرح سود میں اضافے سے سرمائے کی لاگت میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے جس کے نتیجے میں معیشت کے اندر حقیقی سرمایہ کاری میں کمی واقع ہوتی ہے اور مجموعی طور پر معیشت کی شرح نمو سست ہوتی ہے، افراط زرکی شرح بڑھ جاتی ہے اور اس کے اثرات بچت اور سرمایہ کاری پر بھی ظاہر ہوتے ہیں۔شہزاد علی ملک نے کہا کہ مسلسل بلند شرح سود مارکیٹوں اور اشیا کی قیمتوں پر اثر انداز ہوتی ہے جس سے کساد بازاری اور بے روز گاری کے مسائل جنم لیتے ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی بڑھ جاتی ہے اور بجٹ خسارہ بڑھنے کے علاوہ زر مبادلہ پر دبائو پڑتا ہے۔