مزید خبریں

پاکستان اسٹاک ، 100انڈیکس 400پوائنٹس بڑھ گیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) ایف اے ٹی ایف اجلاس میں گرے لسٹ سے پاکستا ن کے اخراج کی امید اور پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کو دوبارہ شروع کرنے کے قریب تر ہونے کے امکانات پر پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو زبردست تیزی کا رجحان رہا اور کے ایس ای100انڈیکس 400 پوائنٹس بڑھ گیا جس کی وجہ سے مارکیٹ42ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد ایک بار پھر عبور کر گئی۔ کاروباری تیزی سے مارکیٹ کے سرمائے میں 64 ارب روپے سے زائد کاا ضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم70کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ 67.42 فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔اسٹاک ماہرین کے مطابق پاکستان کے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے اخراج کی امیدوں پر کاروباری سرگرمیوں میں ابتدائی سیشن سے ہی تیزی دیکھی گئی جس کی وجہ سے ایک موقع پر انڈیکس 42420.64پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تھا ۔ زیادہ تر خریداری مالیاتی اداروں نے کی ہے بڑے سرمایہ کاروں نے بلیو چپ شیئرز خریدے،پاکستان کو گرے لسٹ کی فہرست سے نکالنے پر اگلے سیشن میں انڈیکس 43 ہزار کا ہندسہ عبور کر جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو کے ایس ای 100 انڈیکس میں 410.60 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیاجس سے انڈیکس 41730.16 پوائنٹس سے بڑھ کر 42140.76 پوائنٹس ہو گیا اسی طرح 162.94 پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30 انڈیکس 15937.89 پوائنٹس سے بڑھ کر 16100.83 پوائنٹس پر جا پہنچاجبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 28504.16 پوائنٹس سے بڑھ کر 28767.12 پوائنٹس پر بند ہوا ۔کاروباری تیزی کی وجہ سے مارکیٹ کے سرمائے میں64ارب 39 لاکھ 54 ہزار 358روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 69 کھرب 38 ارب 46 کروڑ 81 لاکھ 26 ہزار 73 روپے سے بڑھ کر 70 کھرب 2 ارب 47 کروڑ 20 لاکھ 80 ہزار 431 روپے ہو گیا۔