مزید خبریں

پانی کی قلت: سینیٹ نے ارساسے رپورٹ طلب کرلی

اسلام آباد(آن لائن)جمعہ کو سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹر دنیش کمار نے نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے بلوچستان کو پانی کی کمی کا سامنا ہے،خریف کی فصل تباہ ہورہی ہے، کسان فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ارسا کی رپورٹ کے مطابق پٹ فیڈر کینال میں ارسا نے 6ہزار 500کیوسک پانی جاری کیا مگر ہمیں صرف 2800کیوسک ملا ، تھر کینال میں 2400کیوسک پانی ریلیز کیا گیا مگر ہمیں 500کیوسک پانی مل رہا
ہے،اوچھ کینال میں 600کیوسک پانی جاری کیاگیا اور ہمیں 50کیوسک مل رہا ہے ،منجوٹی کینال سے بھی ہمیں کم پانی مل رہا ہے انہوںنے سندھ سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز سے استدعا کی کہ ہمیں بتایا جائے کہ ہمارا پانی کون چوری کر رہا ہے؟ وزیر مملکت برائے قانون سینیٹر شہادت اعوان نے کہاکہ پانی کا مسئلہ صرف بلوچستان کا نہیں ہے، پورے ملک کا ہے، سندھ کے زمیندار بھی احتجاج پر ہیں جس پر چیئرمین سینیٹ نے ارسا سے رپورٹ لے کر ایوان میں پیش کرنے کی ہدایت کردی۔