مزید خبریں

ایف بی آر کے پاس پوائنٹ آف سیل مشینوں کی نگرانی کا نظام نہیں، انکشاف

اسلام آباد (صباح نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں انکشاف ہوا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے پاس پوائنٹ آف سیل مشینوں کی نگرانی کا نظام موجود ہی نہیں ہے، چیئرمین کمیٹی اور اراکین نے اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی عدم شرکت پر سخت برہمی کا اظہار بھی کیا۔ جمعہ کے روز چیئرمین سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ جب کوئی خریداری کرتا ہے تو رسید ایف بی آر انعامی اسکیم میں رجسٹرڈ کرتا ہے، بعض مشینوں میں ٹیمپرنگ کی ہوتی ہے جس سے اصل سیل کا پتا نہیں چلتا ہے۔ جس پر شرکائے کمیٹی نے کہا کہ ایف بی آر کے پاس اصل سیل کے پتا کرنے کا نظام ہونا چاہیے۔ ایف بی آر کے چیئرمین نے کہا کہ سیلز ٹیکس چوری کرنے والوں پر بڑا جرمانہ عاید کیا جا رہا ہے، پہلی دفعہ نشاندہی ہونے پر 5 لاکھ اور دوسری دفعہ نشاندہی ہونے پر 10 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا، سب سے زیادہ جرمانہ 15 لاکھ روپے کا ہوگا جو تیسری دفعہ ہوگا، 3 جرمانوں کے بعد بھی اگر کوئی باز نہ آیا تو اس کو 6 ماہ قید کے ساتھ ڈھائی لاکھ روپے جرمانہ بھی ہوگا۔ کمیٹی نے ایف بی آر کو تجویز کا ازسر نو جائزہ لینے کی ہدایت کی۔