مزید خبریں

بینظیرقتل کی جے آئی ٹی رپورٹ پر مجبوراًدستخط کیے،راؤانوار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ پولیس کے سابق سینئر افسر راؤ انوار کی جانب سے بینظیر بھٹو قتل کیس سے متعلق اہم انکشاف سامنے آیا ہے۔راؤ انوار نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیاکہ انہوں نے بینظیر بھٹو کے قتل پر جے آئی ٹی رپورٹ پر دستخط اس لیے کیے تھے کہ ان پر اس وقت کے وزیرِ داخلہ رحمن ملک کا دباؤ تھا کہ قتل میں جنرل مشرف کو ملوث کیا جائے۔ راؤ انوار نے بتایاکہ ایک بار وہ سابق صدر آصف علی زرداری سے ملنے گئے اور ان سے بلیک بیری فونز کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے مجھے رحمن ملک کے پاس بھیجا، جب میں نے رحمن ملک سے فونز کے حوالے سے سوال کیا تو انہوں نے صاف انکار کر دیا کہ ان کے پاس کوئی فونز نہیں ہیں، پھر انہوں نے طیش میں آ کر سوال کیا کہ آخر میں زرداری صاحب کے پاس کیوں گیا؟واضح رہے کہ 27 دسمبر2007 کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں انتخابی جلسے کے بعد روانگی کے وقت ہونے والے خود کش حملے کے نتیجے میں بینظیر بھٹو شہید ہوگئی تھیں جبکہ اس سانحے کا مقدمہ تھانہ سٹی پولیس میں درج کیا گیا تھا۔سابق پولیس اہلکار نے رحمن ملک کے کردار پر بھی شکوک و شبہات کا اظہار کیا تھا، راؤ انوار کا خیال تھا کہ سابق وزیرِ داخلہ کو بینظیر بھٹو کی سیکورٹی کے سربراہ کے طور پر اس کیس کی تفتیش کرنی چاہیے تھی، تاہم انہوں نے ایسا نہیں کیا۔راؤ انوار کو سابق صدر آصف علی زرداری کا قریبی ساتھی سمجھا جاتا ہے۔ اس وقت کے صدرِ مملکت پرویز مشرف پر بھی الزام ہے کہ انہوں نے بینظیر بھٹو کو مکمل سیکورٹی فراہم نہیں کی تھی جبکہ عدالت انہیں مقدمے میں اشتہاری قرار دے چکی ہے۔2008 کے انتخابات کے بعد پیپلز پارٹی برسرِ اقتدار آئی لیکن اس دوران بھی سابق وزیرِ اعظم بے نظیر بھٹو کے مقدمہ قتل میں کوئی حوصلہ افزا پیش رفت نہیں ہوسکی تھی۔