مزید خبریں

دہشتگردی کے مقدمے میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانت میں توسیع

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور کی انسداددہشت گردی کی عدالت نے آزادی مارچ میں توڑ پھوڑ، املاک کو نقصان پہنچانے، پولیس اہلکاروں پر تشدد اور دیگر الزامات کے تحت درج دہشت گردی کے مقدمے میں تحر یک انصاف کے رہنمائوں کی عبوری ضمانت میں 28 جون تک توسیع، پی ٹی آئی رہنماؤں کو شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کردی۔حماد اظہر، ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں اسلم اقبال، عمیر نیازی، مراد راس، جمشید اقبال چیمہ، مسرت جمشید چیمہ، اعجاز چودھری، یاسر گیلانی، عندلیب عباس اور دیگر لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری مکمل کروائی۔ پی ٹی آئی کے وکلا نے عدالت کو بتایا کہ پولیس ابھی تک ملزمان کو الزام ہی نہیں بتا رہی، پولیس الزام کی بابت معلومات دے گی تو حتمی بحث کریں گے۔ پولیس کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ کچھ ملزمان شامل تفتیش ہوئے ہیں اور کچھ ابھی شامل تفتیش نہیں ہیں۔ عدالت نے پی ٹی آئی رہنمائوں کو شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں 28 جون تک توسیع کر دی۔