مزید خبریں

بھارتی حکومت کی جانب سے مسلمانوں کے گھر گرانے کی مذمت کرتے ہیں،امریکا

واشنگٹن (آن لائن+ صباح نیوز+ مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے بھارت میں مسلمانوں کے گھروں کو گرائے جانے اور حکمراں جماعت بی جے پی کے رہنماؤں کے گستاخانہ بیانات کی مذمت کی ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ ہم بی جے پی کے 2 رہنماؤں کی جانب سے نبی کریم ؐ سے متعلق گستاخانہ بیانات کی مذمت کرتے ہیں۔ ہمیں توقع ہے کہ بھارت کی حکومت انسانی حقوق کا احترام کرے گی۔امریکا اس سلسلے میں بھارت کی حوصلہ افزائی کرے گا۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ انسانی وقار، مساوی مواقع اور آزادی مذہب کا احترام کیا جانا چاہیے۔ یہ کسی بھی جمہوریت میں یہ اقدار بنیادی اہمیت رکھتی ہیں۔بھارت کی جانب سے روس سے تیل خریدنے پر انہوں نے کہا کہ روس کے ساتھ بھارت کا رشتہ کئی دہائیوں کے دوران پروان چڑھا، یہ دہائیوں کے دوران ایسے وقت میں پروان چڑھاجب امریکا بھارتی حکومت کے لیے پسند کا شراکت دار بننے کے لئے تیار یا قابل نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک دو طرفہ روایت کی میراث ہے، جو اب 2 دہائیوں سے زیادہ عرصے سے جاری ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ گزشتہ ماہ ہمیں نئی پاکستانی حکومت کے نمائندوں سے ملنے کے چند مواقع ملے ہیں،وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کی پاکستانی ہم منصب بلاول زرداری سے نیویارک میں ہونے والی ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ کے دوران کئی معاملات پر گفتگو ہوئی ،روس کا یوکرین پر حملہ بھی پاک امریکا وزرائے خارجہ کی گفتگو کا حصہ رہا۔ بلنکن اور بلاول کی ملاقات میں اچھی اور تعمیری بات چیت ہوئی، پاکستان اہم شراکت دار ہے ، باہمی تعلقات کوآگے بڑھا رہے ہیں۔نیڈ پرائس نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ماہ بلنکن کوپاکستانی ہم منصب سے ملنے کا موقع ملا، پہلی بار یہ بہت اچھی اور تعمیری بات چیت تھی، ملاقات میں غذائی تحفظ کے مسئلے سمیت تمام مسائل پربات ہوئی۔نیڈ پرائس نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں ہمارا شراکت دار ہے، ہم اس شراکت داری کو آگے بڑھانے کے طریقے تلاش کریں گے۔