مزید خبریں

پاکستان ، بنگلادیش کا تجارتی حجم ایک ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا ، ہائی کمشنر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان میں بنگلا دیش کے ہائی کمشنر راہول عالم صدیق نے کہا ہے کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان دوطرفہ تجارت میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور دونوں برادر ممالک کے درمیان موجودہ تجارتی حجم جلد ہی ایک ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے جو کہ ایک بڑا سنگ میل ہوگالہذا اس سلسلے میں اسلام آباد میں بنگلا دیشی ہائی کمیشن اور کراچی میں ڈپٹی ہائی کمیشن میں اسے سنگل میل کو منایا جائے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ دو طرفہ تجارتی حجم تقریباً 900 ملین ڈالر تک بڑھ گیا ہے اور اس میں تیزی سے اضافہ جاری ہے۔پاکستان کی بنگلا دیش کو برآمدات میں 48 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ بنگلا دیش سے پاکستان کو برآمدات میں 14 فیصد اضافہ ہوا جو ایک اچھی علامت ہے۔بنگلا دیشی سفیر نے امید ظاہر کی کہ تجارتی حجم بڑھنے کا یہ رجحان آنے والے دنوں میں بھی جاری رہے گا جو دونوں ممالک کی تاجر برادری کے لیے بہت حوصلہ افزا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے دورے کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر بنگلا دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر محبوب عالم، جنرل سیکرٹری بی ایم جی اے کیو خلیل، سابق صدر شارق وہرہ ، سابق صدر کے سی سی آئی مجید عزیز، سابق صدر شمیم احمد فرپو، کے سی سی آئی کی منیجنگ کمیٹی کے اراکین و دیگر بھی موجود تھے۔بنگلا دیشی ہائی کمشنر نے گزشتہ 50 سالوں کے دوران بنگلا دیش کی ترقی اور کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان کے ملک کو1971 میں بننے کے بعد بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا جہاں زرمبادلہ کے ذخائر صفر تھے اور غربت کی سطح 82 فیصد سے زیادہ تھی۔گزشتہ 50 سالوں کے دوران بنگلا دیش نے اپنے ویژن 2021 پروگرام کے تحت بہت سے اہداف حاصل کیے اور اب ملک کی مجموعی برآمدات 50 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہیں۔بنگلا دیش جوٹ کی پیداوار میں پہلے نمبر پر ، ریڈی میڈ ملبوسات کی برآمدات میں دوسرے، مچھلی کی برآمدات میں تیسرے، چاول اور ٹماٹر کی پیداوار کے لحاظ سے دنیا میں چوتھے نمبر پر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بنگلا دیش اب ترقی پذیر ملک بن چکا ہے۔