مزید خبریں

دستکار ی کے فروغ سے غربت کا خاتمہ ہوسکتا ہے ، فرنیچر کونسل

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ دستکاری کے فروغ سے غربت کے خاتمے اور قیمتی زرمبادلہ کمانے میں بہت مدد مل سکتی ہے۔ جمعرات کو پنجاب ا سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے زیر اہتمام عالمی یوم دستکاری کے سلسلے میں منعقدہ سیمینار کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تجارتی میلوں میں شرکت کے لیے دستکاروں کی حوصلہ افزائی اور معاونت کی جانی چاہیے تاکہ وہ اپنے فن اور مصنوعات کو دنیا کے سامنے پیش کر سکیں ، ان کی موثر اور نتیجہ خیز مارکیٹنگ بھی اشد ضروری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی دستکاری کی سالانہ برآمدات صرف 300 ملین ڈالر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فن اور تخلیق کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، دستکاری کا شعبہ معیشت میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور دیہی اور نیم شہری علاقوں میں بڑی تعداد میں غریب طبقات کو روزگار فراہم کرنے اور اپنی ثقافت کو محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عوام کے طرز زندگی اور تاریخ سے وابستہ دستکاری روایتی فن، ہنر، ثقافت اور ورثے کو محفوظ رکھنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پنجاب ا سمال انڈسٹریز کارپوریشن کو نوجوانوں کو وراثت میں ملنے والی دستکاری کی مہارتوں کے فروغ اور ان کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادے کے لیے واضح روڈ میپ کے ساتھ آگے آنا چاہیے۔ اس موقع پر پنجاب ا سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ڈائریکٹر علی رضا تارڑ نے کہا کہ کارپوریشن ہمیشہ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح دستکاری کا عالمی دن جوش و خروش سے مناتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تہذیب بہت قدیم ہے اور ہمارے ہاتھ سے بنے ہوئے لکڑی کے فرنیچر، دھات، ماربل کی مصنوعات، کپڑے اور سیرامکس کی ایک بھرپور تاریخ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کارپوریشن اپنے دستکاری ترقیاتی مراکز کے ذریعے صوبے میں دستکاری کے فروغ اور کاریگروں کی فلاح و بہبود میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔