مزید خبریں

او آئی سی سی آئی انڈسٹری ڈئیلاگ کے پہلے سیشن کا انعقاد

کراچی(اسٹاف رپورٹر) COP26میں کیے گئے قومی سطح پر طے شدہ وعدوں کے حصول کے لیے پاکستان کو درکار ضروری ماحولیاتی اقدامات پر بحث کے لیے اوآئی سی سی آئی کی جانب سے انڈسٹری ڈائیلاگ سیریز کے پہلے سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ یہ انڈسٹری ڈائیلاگ اس سال کے اوائل میں اوآئی سی سی آئی کی جانب سے پاکستان کلائمٹ کانفرنس کے ذریعے شروع کی گئی کوششوں کا حصہ ہے تاکہ پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے مثبت اقدامات کو فروغ دینے اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے ضروری کوششوں کی نشاندہی اور ان پر عمل درآمد کیا جاسکے۔اس انڈسٹری ڈائیلاگ میں مقامی موسمیاتی ماہرین، پالیسی سازوں اور کارپوریٹ اداروں سے تعلق رکھنے والے فیصلہ سازوں نے تبادلہ خیال کیا اور آپس میں پاکستان میں موسمیاتی اثرات کو کم کرنے کے بہترین طریقوں کا اشتراک کیا۔ تقریب کے مرکزی مقررین میں حکومتِ سندھ محکمہ موسمیاتی تبدیلی کے فوکل پرسن وقار حسین پھلپھوٹو اور ممتاز قانون دان ماحولیات احمد رفیع عالم شال تھے۔ اس موقع پر اوآئی سی سی آئی کے صدر غیاث خان نے کہاکہ پاکستان کو قومی سطح پر کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لیے بہت کچھ کرنا ہے۔ اوآئی سی سی آئی کے نائب صدر عامر پراچہ نے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے حقیقی اور واضح معاشی اثرات ہوتے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ اوآئی سی سی آئی کی جانب سے کی جانے والی کوششیں ایک واضح ایکشن پلان کی بنیاد ڈالیں گی جس سے پاکستان کو اپنے ماحولیاتی وعدوں کو پوراکرنے اور معیشت کی پائیداری کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔