مزید خبریں

منحرف ارکان وعدہ معاف گواہ بن کر کمیشن میں آنے کو تیار ہیں‘ فواد چودھری

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ حکومت کی تبدیلی کی سازش کے کردار بے نقاب ہونے چاہئیں اب تو کئی منحرف اراکین بھی وعدہ معاف گواہ بن کر کمیشن میں آنے کو تیار ہیں کہ انہیں کیسے تحریک انصاف چھوڑنے کیلئے مجبور کیا گیا، سیاسی عدم استحکام نے معیشت کی دھجیاں اڑ دیں، آج عام آدمی مہنگائی کے ایک عفریت کا سامنا کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار فواد چودھری نے جمعرات کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ جبکہ اپنے ایک اور ٹویٹ میں فواد چودھری نے کہا کہ پنجاب میں جو تماشا چل رہا ہے اس کا ایک منظر دیکھیں ایوان اقبال کو گورنر نے اپنی اسمبلی ڈیکلیئرکیا ہے یہاں بجٹ پیش ہوا اس نام نہاد اسمبلی میں ارکان کی جگہ وزیر اعلیٰ کے سیکورٹی اہلکار بیٹھے ہیں جو پنجاب کا بجٹ بھی منظور فرما لیں گے، ہم ایک بنانا ریپبلک میں تبدیل ہو چکے ہیں۔