مزید خبریں

حکمران اگرعوام کو ریلیف نہیں دے سکتے تو تکلیف بھی نہ دیں

 

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے رہنمائوںسردارظفرحسین خان، پروفیسر محبوب الزماںبٹ ، میاں طاہر ایوب، انجینئرعظیم رندھاوا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کے حکومتی فیصلہ کو عوام کے زخموں پر نمک پاشی کرنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران اگرعوام کو ریلیف نہیں دے سکتے تو تکلیف بھی نہ دیں۔سارے مشکل فیصلے عوام پر ٹھونسنے کے بجائے اپنی عیاشیاں بھی ترک کریں۔مہنگائی اور بے روزگاری سے ستائے عوام خودکشیاں کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔حکمرانوں نے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری پر جلد قابو پانے کی کوشش نہ کی تو بھوک کے مارے عوام سڑکوں پر نکل آئیں گے اور پھر امریکا اورآئی ایم ایف بھی حکمرانوں کوعوام کے غیظ و غضب سے بچا نہیں سکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے شرمناک رویہ اپنا رکھا ہے ۔ انہیں عوام کے مفادات کا کوئی خیال نہیں ۔ اپنے اقتدار کو قائم رکھنے کے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی ڈکٹیشن پر چلنے والے حکمران پاکستان کے عوام کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک بدترین معاشی بحران کا شکار ہے اور معاشی بحران سیاسی بحرانوں میں بدلتے دیر نہیں لگتی ۔جب لوگوں کی امید یں محرومیوں میں بدلتی ہیں تو ان کے تیور بھی بدل جاتے ہیں ،زندہ باد کے نعرے لگانے والے مردہ باد کہنے پر مجبور ہوجاتے ہیں ۔حکمران حالات پر جلد قابو پانے میں ناکام رہے تو لوگ مرنے مارنے پر تل جائیں گے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کو فوری واپس لیا جائے۔