مزید خبریں

حکومت نے رات کے اندھیرے میں پیٹرول بم گرادیا ، یونس قائمخانی

ٹنڈوالٰہیار(نمائندہ جسارت)حکومت نے آئی ایم ایف کے دبائو میں آکر رات کے اندھیرے میں عوام پر پیٹرول بم گراد یا ہے موجودہ حکومت کا یہ عوام پر تیسرا پیٹرول بم ہے پیٹرول کی قیمتوں میں 24روپے اضافے کے بعد اب پیٹرول کی نئی قیمت 234روپے فی لیٹر کے قریب پہنچ گئی ہے دنیا میں مہنگائی کے حساب سے پاکستان دنیا کا تیسرا ملک بن چکا ہے جہاں مہنگائی ہر روز بڑھ رہی ہے موجودہ حکومت عوام کا خون چوس رہی ہے گزشتہ بیس دنوں میں پیٹرول کی قیمتوں میں 80روپے کا اضافہ کیا جا چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار الخد مت اسپتال کے ایڈ منسٹر یٹر محمد یو نس قائمخانی نے میڈ یا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جو کام کر رہی ہے اس سے ملکی معیشت بالکل تباہ ہوجائے گی بیروزگاری اتنی بڑھ جائے گی جس کی کوئی حد نہیں ہے ماضی کی حکومت کی جانب سے دیے جانے والے تمام ریلیف ختم کیے جارہے ہیں جس سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے حکومت خود ہی ایسے کام کر رہی ہے جس سے عوام مجبور ہوکر سڑکوں پر آجائے گی عوام پر رات کے اندھیرے میں خود کش حملہ کیا گیا غریب آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی ممکن نہیں رہے گی کاروبار ٹھپ ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت بے حسی کی تمام حدیں عبور کرچکی ہے آئی ایم ایف کے غلام حکمران اپنے آقائوں کی خوشنودی کے لیے پاکستانی عوا م کی زندگیوں میں مشکلات پیدا کررہے ہیں، موجودہ حالات میں غریب آدمی زندہ درگور ہوجائے گا غریب کو مشکلات اور اشرافیہ کو سہولیات دی جارہی ہیں حالات جس نہج پر پہنچ چکے ہیں اس کے بعد عوامی برداشت مکمل طور پر ختم ہوچکی ہے اور اب عنقریب حکمرانوں کو عوامی غصب و غصے کا سامنا کرنا پڑے گا۔