مزید خبریں

کھیلوں کے فروغ کیلیے ہرممکن اقدامات کیے جائیں گے،ڈی سی چارسدہ

پشاور(جسارت نیوز)ڈپٹی کمشنر چارسدہ کیپٹن( ر) عبدالرحمان نے کہا ہے کہ ضلع بھرمیں کھیلوں کے فروغ کیلیے عملی اقدامات اٹھائے جائینگے ، کھیلوں کے انعقاد سے نہ صرف نوجوانوں کو معاشرتی برائیوں سے بچایا جا سکتا ہے بلکہ ان میں مثبت سرگرمیوں سمیت دوسرے کے ساتھ مقابلوں کا رجحان بھی پیدا ہو تا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چارسدہ میں چیف آف آرمی اسٹاف ڈویژنل ہاکی چمپین شپ کے اختتامی مقابلوں میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے دوران کیا ۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر تحسین اللہ خان اور دیگر مہمان بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر بونیر اور سوات کے ٹیموں کے درمیان مقابلوں کا انعقاد ہوا جس میں بونیر کی ٹیم نے سوات کی ٹیم کو شکست دی ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آج کے ٹیکنالوجی کے اس دور میں کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد بہت ہی ضروری ہے جس سے نہ صرف معاشرے میں مثبت سوچ کو پیدا کیا جا سکتا ہے بلکہ اس سے ان نوجوان کھلاڑیوں کو معاشرتی برائیوں سے بچایا جا سکتا ہے ۔