مزید خبریں

دنیا بھر میں 10کروڑ افراد بے گھر ہوئے ، اقوام متحدہ

نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک) گزشتہ برس کے دوران دنیابھر میں 10کروڑ افراد بے گھر ہوگئے۔ اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ دوسری عالمی جنگ کے بعد دنیا بھر میں بے گھر ہونے والے افراد کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افریقا کے ساحلی علاقوں سے یورپ کی طرف آنے والے مہاجرین میں اضافہ ہو سکتا ہے۔پناہ گزینوں سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے نے گلوبل ٹرینڈز رپورٹ میں کہا ہے کہ 1951 ء میں مہاجرت سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے (یو این ایچ سی آر) کے قیام کے بعد سے پہلی بار یوکرین میں پناہ گزینوں کا سب سے بڑا اور تیزی سے بڑھتا ہوا بحران سامنے آیا ہے۔یوکرین پر روسی حملے کے ساتھ افغانستان کا بحران بھی ان اہم واقعات میں سے ایک ہے، جس کی وجہ سے تقریباً 10کروڑ افراد کو مجبوری میں بے گھر ہونا پڑا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ دہائی کے دوران ہر برس اس رجحان میں اضافہ ہوتا رہا ہے۔ مہاجرت سے متعلق اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر فلیپو گرانڈی نے کہا کہ پناہ کے متلاشی افراد میں اضافے کا یہ رجحان اس وقت تک جاری رہے گا، جب تک عالمی برادری تنازعات کو حل کرنے اور حل تلاش کرنے کی سمت میں اہم اقدامات نہیں کرتی۔ یوکرین کی جنگ نے غذائی تحفظ کا بحران پیدا کر دیا ہے، جو غریب ممالک میں اور زیادہ لوگوں کو اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور کرے گا۔اس کے علاوہ موسمیاتی تبدیلیاں بھی بے گھر ہونے کی ایک وجہ ہے۔