مزید خبریں

فیفا ورلڈ کپ ، قطر کا شائقین ٓکی ٹینٹ میں میزبانی کا فیصلہ

دوحا(جسارت نیوز)قطر رواں سال ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں 12لاکھ شائقین کی میزبانی کرے گا اور ان کی ایک ہزار روایتی ٹینٹوں میں ان کو ٹھہرانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ٹورنامنٹ کی اعلی انتظامی کمیٹی میں رہائش کے انتظامات کے ذمے دار عہدیدار عمر الجبر نے بتایا کہ شائقین کو خیموں میں ٹھہرانے کے آپشن کی آئندہ 2 ہفتوں میں آزمائش شروع کردی جائے گی۔انہوں نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ یہ شائقین کو کیمپنگ کا مزہ دے گی ، ہم لوگوں کو روایتی بدوی انداز میں صحرا اور ٹینٹ کے تجربے سے لطف اندوز کرانا چاہتے ہیں، اس ٹینٹ میں پانی، بجلی اور باتھ روم کا انتظام بھی ہو گا البتہ شدید گرم موسم کے حامل اس ملک میں ٹینٹ میں ایئرکنڈیشنر کا کوئی انتظام نہ ہو گا۔عالمی کپ رواں سال 21نومبر سے 18دسمبر تک قطر میں منعقد ہو گا اور یہ تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ ورلڈ کپ جون جولائی کے روایتی سیزن کے بجائے سردیوں کے موسم میں منعقد ہو رہا ہے۔ سردیوں میں ایونٹ کے انعقاد کی وجہ کھلاڑیوں کو قطر کی شدید گرمی سے بچانا ہے کیونکہ اکثر کھلاڑی جون اور جولائی میں عرب ملک میں کھیلنے سے انکار کر چکے تھے جہاں اکثر درجہ حرارت 45ڈگری سے تجاوز کر جاتا ہے ۔اس کے علاوہ 200ٹینٹوں پر مشتمل ایک اور پرتعیش کیمپ الگ سے بھی لگانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے اور انہیں سی لائن نامی ساحل کے کنارے لگایا جائے گا ۔ ملک میں رہائش کے حوالے سے غیرملکی مداحوں کے تحفظات کے حولے سے جواب دیتے ہوئے عمر الجبر نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے موقع پر رہائش کے لیے ایک لاکھ کمرے دستیاب ہوں گے۔ شائقین کو یہ سہولت میسر ہو گی کہ وہ اپنی آسانی کے مطابق مخصوص ٹورنامنٹ ولیج، اپارٹمنٹ، ولاز، کیبن یا دو کروز پر رہائش لے سکتے ہیں ۔