مزید خبریں

ایس ایس پی حیدرآباد نے کرائم کے خاتمے میں نمایاں کردار ادا کیا،ندیم الرحمن

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس سید پیر محمد شاہ حیدرآباد رینج کی جانب سے ایس ایس پی حیدرآباد ساجد امیر سدوزئی کی الوداعی اور ترقی پانے والے پولیس افسران کے اعزاز میں خوبصورت اور رنگارنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمن میمن، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو، حیدرآباد رینج کے ایس ایس پیز، اے ایس پیز، صحافی برادری اور عمائدین شہر کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس سید پیر محمد شاہ حیدرآباد رینج نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایس پی حیدرآباد ساجد امیر سدوزئی ایک قابل اور بہترین پولیس آفیسر ہیں جنہوں نے ہمیشہ چیلنجز کو قبول کیا اور اس میں کامیابی حاصل کی انہوں نے دوران پوسٹنگ ضلع حیدرآباد سے جرائم اور آرگنائز کرائم کے خاتمے کیلیے مخلصانہ کوششیں کیں۔ شہر حیدرآباد کے لوگ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ساجد امیر سدوزئی کی قیادت میں ان کی ٹیم نے جرائم پیشہ افراد اور سماج دشمن عناصر کیخلاف تابڑ توڑ کارروائیاں کر کے ان کے گینگ کا خاتمہ کیا اور حیدرآباد کو امن کا گہوارہ بنایا۔انہوں نے اے ایس آئیز سے ایس آئی کے عہدے پر ترقی پانے والے پولیس افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ عوامی خدمت و تحفظ عامہ کے جذبے سے سر شار ہوکر اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے انجام دیں اور جرائم کے خاتمے کیلیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لاتے ہوئے پر امن معاشرے کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں عوام کے ساتھ معاملات میں قانون و انصاف کے تمام تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے تھانے میں آنے والے سائیلین سے حسن اخلاق کا مظاہرہ رواں رکھا جائے تاکہ عوام کا پولیس پر اعتماد مزید بحال ہو اور پولیس کے وقار میں اضافہ ہو، ڈی آئی جی پی حیدرآباد نے شہدائے پولیس کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کے اس پر مسرت موقع پر ہمیں سندھ پولیس کے ان بہادر اور غیور افسران و اہلکاروں کو بھی یاد رکھنا چاہیے جنہوں نے جرائم کی سرکوبی کیلیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ،ڈویژنل کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمن میمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ ساجد امیر سدو زئی پروفیشنل و قابل آفیسر ہیں ان کی دوران تعیناتی شہر میں جرائم کے خاتمے کیلیے کی جانے والی کاوشیں قابل تعریف ہیں ۔
مہنگائی ختم کرنے کے دعویداروں نے معاشی بحرانوں میں دھکیل دیا ،مبین جتوئی
سکھر(نمائندہ جسارت)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے سیکرٹری جنرل مبین خان جتوئی نے کہ ہے کہ مہنگائی ختم کرنے کے دعویداروں نے معاشی بحرانوں میں دھکیل دیا ، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور حالیہ مزید پیٹرول کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے پر حکومت کو سخت تنقید کانشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے خلاف مہنگائی کا رونا رونے والی امپورٹڈ حکومت عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم کرنے کے بجائے مزید مہنگائی ایٹم بم گرا رہی ہے پیٹرول کی قیمت میں اضافہ پر اضافہ عوام پر ظلم و زیادتی ہے جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔