مزید خبریں

روز مرہ کی اشیاء کی خریداری سوچ سے بھی دور ہو گئی، این ایل ایف حیدرآباد

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)نیشنل لیبر فیڈریشن سندھ کے صدر شکیل احمد شیخ ، سنیئر نائب صدر قاسم جمال، جنرل سیکرٹری محمد عمر شر ،انفارمیشن سیکرٹری محمد احسن شیخ، حیدرآباد زون کے جنرل سیکرٹری اعجاز حسین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ روز مرہ کی اشیاء کی خریداری سوچ سے بھی دور ہو گئی ہے، رہنمائوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کو آئی ایم ایف اور امریکی حکم کے مطابق پاکستانی قوم پر معاشی ڈرون حملہ قرار دیا ہے۔ ان رہنمائوں نے کہا کہ جب تک شہباز زرداری فضل الرحمان لوٹ مار ٹولہ اقتدار میں نہیں آیا تھا چند روپے کا اضافہ بھی غریبوں پر ظلم لگتا تھا شہباز اسپیڈ کے صرف دو ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 55 فیصد سے زائد اضافہ ہو ا ہے خوردنی تیل کی قیمت دگنی ہو گئی آٹا اور شکر غریب کی پہنچ نہیں سوچ سے بھی دور ہو گئی ہے اس پر مزید ظلم یہ ہے کہ ہر اضافہ کے ساتھ مزید اضافہ کی اطلاع دے دی جاتی ہے دراصل یہ اطلاع ذخیرہ اندوزی کو دی جاتی ہے کہ ذخیرہ کرلو پیٹرول پمپ مالکان کی اکثریت کا تعلق حکمران اتحاد سے ہے پیٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے ڈیزل کے پرمٹ اور اس سے حاصل منافع بھی بڑھ جاتا ہے۔ رہنمائوں نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران ضرورت زندگی کی ہر شے کی قیمت میں 60 سے 70 فیصد اضافہ ہوچکا لیکن حکومت نے تنخواہ میں صرف 10 فیصد اور پنشن میں صرف 5 فیصد اضافہ کرکے غریب ملازمین اور ریٹائرڈ ضعیف العمر افراد کے زخموں پر نمک چھڑکا ہے۔