مزید خبریں

پولیو عملے کی تربیت یقینی بنائی جائے، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر فواد غفار سومرو نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ انسداد پولیو مہم کے دوران اپنے فرائض انجام دینے والے اہلکاروں کی موثر تربیت کو یقینی بنایا جائے کیوں کہ انڈیکٹرز پورے نہ ہونے کی وجہ سے مہم کے نتائج متاثر ہوتے ہیں۔وہ شہباز ہال میں 27 جون سے شروع ہونے والی پولیو مہم کے حوالے سے کیے جانے والے انتظامات کا جائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے شمالی وزیرستان میں پولیو کیسز ظاہر ہونے پر اپنی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسی صورتحال کو نظر میں رکھتے ہوئے مزید توجہ اور سنجیدگی سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ قومی فریضہ میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، انہوں نے متعلقہ افسران کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ رفیوزل کیسز پر زیادہ سے زیادہ توجہ دیں تاکہ ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو کامیاب کیا جا سکے۔