مزید خبریں

سندھ میں اہل اور قابل افسران کا قحط ہے،محمد نوید شیخ

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)معروف سماجی شخصیت محمد نوید شیخ نے ایک بیان میں کہاکہ سندھ میں اہل اور قابل افسران کا قحط پڑ گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر فواد غفار سومرو کوڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات حیدرآباد کا اضافی چارج دینا اس کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈپٹی کمشنر کی اپنی اتنی اہم اور بھاری ذمہ داری ہے ان حالات میں ڈی جی ایچ ڈی اے کا اضافی چارج دینا اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ سندھ میں اہل افسران کا قحط ہے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ کے ہر ادارے میں سفارشی اور نااہل افسران کی بھرمار ہے جن کا کام عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے ان میں اضافہ کرنا ہے،یہ ہی وجہ ہے کہ سندھ کے عوام کا اعتماد اداروں سے اٹھتا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ ڈی جی سطح کا بہت ہی اہم عہدہ کا اضافی چارج ڈپٹی کمشنر کے حوالے کرنا بہت سے سوالات کو جنم دیتا ہے تو دوسری جانب سندھ حکومت کا وہ افسران جو میرٹ پر اس عہدہ کے امیدوار ہیں پر بھی عدم اعتماد ہے۔انہوں نے کہاکہ فواد غفار سومرو بحیثیتڈپٹی کمشنر حیدرآباد کارکردگی زیادہ تسلی بخش دکھائی نہیں دیتی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ڈی جی ایچ، ڈی، اے کے اہم عہدہ پر مستقل بنیادوں پر تعیناتی کرے تاکہ عوام کے مسائل فوری اور بروقت حل ہوسکیں۔