مزید خبریں

پیٹرول نرخ میں اضافے پر عوام سراپا احتجاج ،رکشے موٹر سائیکل نذر آتش

حیدرآباد/نوابشاہ(اسٹاف رپورٹر+نمائندہ جسارت)پیٹرول نرخ میں اضافے پر عوام و تاجروںکا صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا،مہنگائی سے پریشان لوگ سڑکوںپر نکل آئے، رکشے و موٹرسائیکل نذر آتش کردیے۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کی تاجر برادری بڑھتی ہوئی مہنگائی ، پیٹرول نرخ میں اضافے ، مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کے دوران شہری نے اپنی موٹر سائیکل کو آگ لگادی ۔ حیدرآبادکے علاقے اسٹیشن روڈ پر کاروں اور موٹر سائیکل کے کام سے وابستہ تاجروں نے احتجاج کیامظاہرین کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے مہنگائی کا طوفان کھڑا کردیا ہے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کیساتھ ہی تمام اشیاء مہنگی ہوگئی ہیں، انتظامیہ 8 بجے دکان بند کرادیتی ہے کام ہے نہیں حیسکو دن بھر بجلی فراہم نہیں کی کرتا، حکومت اور انتظامیہ کی من مانی پالیسیوں سے تاجر فاقہ کشی پر مجبور ہیں، پیٹرول خریدنے کے پیسے نہیں ،احتجاجا ًموٹر سائیکل نذر آتش کردی ہے اگر مہنگائی کی یہ ہی صورتحال رہی تو لوگ خود کو بھی آگ لگا لیں گے۔ادھر پیٹرول مہنگا ہونے پر نوابشاہ رکشہ ڈرائیوروںنے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا،احتجاج کے دوران 2ڈرائیوروں نے اپنے رکشوں کو آگ لگادی۔ رکشہ ڈرائیورز کاکہنا تھا کہ سواری مل نہیں رہی ،بچے فاقہ کشی کا شکار ہیں، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے ہمارا روزگار چھین لیاہے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے نام پر لانگ مارچ کرنے والے مہنگائی بم گرارہے ہیں۔