مزید خبریں

نان فائلرز کی موبائل سم بلاک ، بجلی اور گیس کنکشن منقطع کرنے کا اختیار ایف بی آر کو مل گیا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے ٹیکس نادہندگان کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایف بی آر کو تمام اختیارات دے دیے، جس کے تحت نان فائلرز کے بجلی اور گیس کے کنکشنز اور موبائل سم بند کردی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا جس میں فنانس بل پیش کرکے اعتراضات پر گفتگو کی گئی۔نئے فنانس بل میں نان فائلرز کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت ایف بی آر کو بنیادی سہولیات منقطع کرنے کے اختیارات تفویض کردیے گئے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق مقررہ تاریخ تک ٹیکس گوشوارہ جمع نہ کرنے والے کی موبائل سم بلاک جبکہ بجلی اور گیس کنکشن بھی کاٹ دیا جائے گا اور ریٹرن جمع کرنے کے لیے یہ سہولیات دوبارہ اْسے فراہم کی جائیں گی۔ ایف بی آر ترجمان نے بتایا کہ متعلقہ شخص کا نام موبائل فون، بجلی اور گیس کمپنی کو بھیجا جائے گا تاکہ اْس کے خلاف کارروائی کو یقینی بنایا جاسکے۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ نے نان فائلرز کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی حمایت کردی۔ دوسری جانب سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہنا ہے کہ پاکستان میں کوئی شخص ایف بی آر کی ریٹرن کے لیے آخری تاریخ کو سنجیدہ نہیں لیتا، ٹیکس گوشوارے ہر وقت جمع کرانے کی اجازت ہونی چاہیے۔ انہوں نے موبائل سم بلاک کرنے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ویکسین نہ لگوانے والوں کی موبائل سم بلاک کرنے کا فیصلہ ہوا تو اسپتالوں کے باہر لائنیں لگ گئی تھیں، ہمیں امید ہے کہ یہ قدم کامیاب ثابت ہوگا۔