مزید خبریں

سابق چیئرمین واپڈا کی کرپشن الزامات پر نیب طلبی

لاہور (نمائندہ جسارت)سابق چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر)مزمل حسین کو سنگین کرپشن الزامات پر نیب لاہور نے 20جون کو دوپہر3 بجے طلب کرلیا۔نیب لاہور کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق مزمل حسین کے غلط اقدامات کے باعث 753 ملین ڈالر کا نقصان ہونے کا الزام ہے، سابق چیئرمین واپڈ کے مبینہ طورپر غلط اقدام سے سرکاری خزانے کو 150ارب روپے کے نقصان کاتخمینہ لگایا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق تربیلا فور پروجیکٹ میں 753 ملین ڈالر کی کرپشن کا بھی الزام ہے۔مزمل حسین پر بطور چیئرمین واپڈا زبردستی کنٹریکٹرز کو غلط ادائیگیاں کروانے کا الزام ہے۔ 1410 میگا واٹ کا پروجیکٹ تکمیل کے قریب ہے لیکن فی یونٹ تعمیر سب سے مہنگی اور مالی ضوابط میں سنگین بے قاعدگیوں کا الزام ہے۔نیب نوٹس کے مطابق سابق چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین کو پہلے بھی طلب کیا گیا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے جس پر انہیں دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔