مزید خبریں

امپورٹڈ حکمرانوں کو قیمتیں بڑھانے سے فرصت نہیں‘ حماد اظہر

اسلام آباد (آن لائن) تحریک انصاف کے سینئر رہنما حماد اظہر نے کہا ہے کہ ایک طرف بدترین لوڈشیڈنگ اور دوسری طرف بجلی کے بڑھتے ہوئے نرخ، امپورٹڈ حکمرانوں کو قیمتیں بڑھانے سے فرصت نہیں، ان کی نااہلی کا خمیازہ عوام بھگتنے لگے ہیں۔ ایک بیان میں حماد اظہر نے کہا کہ بجلی کے نرخوں میں موجودہ حکومت3 ماہ میں80 فیصد اضافہ کرنے جارہی ہے، ہماری حکومت کا دیا ہوا5 روپے فی یونٹ بجلی ریلیف اس ماہ سے حکومت نے ختم کردیا۔ اس کے علاوہ حکومت اگلے3 ماہ میں بجلی کی قیمت7.91 روپے فی یونٹ بڑھانے کا اعلان کرچکی ہے، فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ اور ٹیکس اس کے علاوہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مفتاح اسماعیل نے بجلی کا یونٹ12 روپے فی یونٹ کرنے کا وعدہ کیا تھا، اب بجلی کا بنیادی ٹیرف ہی 13 روپے سے بڑھانے چلے ہیں، بجلی کی قیمت بڑھانے کی وجہ ن لیگ کے امپورٹڈ ایندھن والے مہنگے بجلی گھر اور اْن کی بڑھتی کیپیسٹی کی ادائیگیاں ہیں۔