مزید خبریں

قومی اسمبلی: بجٹ میں کفن‘ دفن کے بھی پیسے رکھے جائیں، مولانا چترالی

 

اسلام آباد (آن لائن) قومی اسمبلی کے اجلاس میں مولانا عبدالاکبر چترالی نے کہا ہے کہ میری تجویز ہے کہ بجٹ میں لوگوں کی قبر اور کفن دفن کے بھی پیسے رکھے جائیں، عوام پیٹرول سونگھ کر اپنے آپ کو معطر کریں کیونکہ پیٹرول گاڑیوں میں تو ڈلوایا نہیں جا سکتا، تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی میر خان محمد جمالی ایوان میں واپس آگئے اور بیٹھتے ہی عمران خان زندہ باد کا نعرہ لگا دیا، کہا کہعوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان کا خون چوس رہے ہیں یہ ساری جماعتیں کیا پاکستان کو تباہ کرنے کیلیے اکٹھی ہوئی ہیں؟ لگ رہا ہے پیٹرول 400 روپے لیٹر پر چلا جائے گا ضروری اشیا کو سستا کرنا چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق مولانا عبدالاکبر چترالی نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رات کو آئی ایم ایف کے 2 نمائندے آئے تھے ان میں ایک مفتاح اسماعیل اور دوسرا مصدق ملک تھا۔ آپ جب اپوزیشن میں تھے تو آپ کو عوام کا درد تھا اب جب حکومت میں آئے ہیں تو وہ عوام کا درد کہاں گیا؟۔ علاوہ ازیں پی ٹی آئی رکن اسمبلی میر خان محمد جمالی ایوان میں واپس آگئے، اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے انہیں ایوان میں واپسی پر خوش آمدید کہا۔ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی میر خان محمد جمالی نے کہا کہ میں آج بھی پی ٹی آئی میں ہوں اور عمران خان کی قیادت پر بھرپور اعتبار ہے۔ انہوں نے کہا کہ 3 ہفتے میں پیٹرول کی قیمت میں 84 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 119روپے اضافہ ہوا ہے، وزیر خزانہ منتخب نہیں ہے اور کسی کو جوابدہ نہیں ہے وزیر خزانہ نے اسی لیے طنزیہ طور پر ہنس کر کہا کہ قیمتیں بڑھیں گی غریب آدمی کی حالت کا اندازہ نہیں لگا سکتے۔