مزید خبریں

سینیٹ: اپوزیشن نے بجٹ مستردکردیا، پیٹرولیم قیمتوں کیخلاف احتجاج

اسلام آباد (آن لائن) ایوان بالا کے اجلاس میں اپوزیشن نے مالی سال 2022-23 بجٹ آئی ایم ایف کا قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ایوان میں شدید احتجاج کیا، اپوزیشن ارکان چیئرمین سینیٹ کے ڈائس کے سامنے امپورٹڈ حکومت اور این آر 2 نا منظور کے نعرے لگاتے رہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے علامتی واک آؤٹ بھی کیا۔ جمعرات کے روز سینیٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے گزشتہ شب عوام پر شب خون مارتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، اس وقت صورتحال یہ ہے کہ کوئی بھی وزیر صورتحال کا سامنا کرنے کیلیے ایوان میں موجود نہیں ہے، موجودہ حکومت ناکام اور نااہل ہے، عوام کو مہنگائی کے جہنم میں دھکیل دیا ہے اور اب صورتحال کا سامنا بھی نہیں کر رہے، ان کے وزرا کہتے ہیں کہ ایک کپ چائے پی لیں، 2 ہزار روپے دیکر ملک کو لوٹ لیا گیا، یہ 2 ہزار واپس لیں اور ہمیں پہلے والا ملک واپس کر دیں۔ سینٹر شبلی فراز نے کہا کہ یہ بجٹ عوام کا نہیں، عوام کو پیٹرول اور ڈیزل کی موت مار دیا گیا، کینڈی لینڈ بجٹ سے عوام کو کیا ملے گا؟اور یہاں وزیر خزانہ تو سیریس بھی نہیں وہ الٹا مذاق اڑاتے ہیں۔