مزید خبریں

حادثات و واقعات میں لڑکی سمیت 6افراد جاں بحق

کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں حادثات وپر تشدد واقعات میں خاتون اور لڑکی سمیت 6 جاںبحق ہوگئے ،دیگر واقعات میں 6افراد زخمی ہوئے ۔ تفصیلات کے مطابق سمن آباد تھانے کی حدود انچولی میںبدھ کی شب شادی ہال میں فائرنگ سے زخمی ہونے والا نوجوان فیضان جمعرات کی صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ آرام باغ کے علاقے میں پاکستان چوک لال بلڈنگ کے قریب رہائشی عمارت کی بالکونی سے پراسرار طور پر گر 16سالہ لڑکی جاں بحق ہوگئی ، کلری تھانے کی حدود لیاری دریا آباد گلی نمبر8حاجیانی مسجد کے قریب جمعرات کی علی الصبح مکان کی دیوار سوتے ہوئے میاں بیوی پر گرگئی جس کے نتیجے میں بیوی موقع پر ہی جاں بحق جبکہ شوہر شدید زخمی ہوگیا ۔ نیو کراچی سکیٹر 5E بلال مسجد کے قریب گھر کے ٹینک کی صفائی کے دوران گرنے والے 28سالہ ریاض خان ولد حاکم خان نامی مزدور کی لاش ایدھی بحری خدمات کے رضاکاروں نے نکال لی۔ متوفی کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے سپر د کر دیاگیا ۔لی مارکیٹ بانٹواگلی عبداللہ ٹیرس میں پھندا لگی لاش کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور 50سالہ شرف الدین ولد عبدالغنی کی پھندالگی لاش کو اپنے تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال پہنچایا ،پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ متوفی نے گھریلو پریشانیوں سے تنگ آکر گھر میں گلے میں پھندا لگا کر خودکشی کی ہے۔اورنگی ٹاؤن تھانے کی حدود قطر اسپتال اورنگی ٹاؤن گلی نمبر 3سے 45سالہ اسلم ولد محمد رستم کی لاش ملی ،متوفی کی لاش کو ضابطہ کی کارروائی کے بعد ورثا کے سپر د کر دیاگیا ۔ فائرنگ کے دیگر واقعات میں 6 افراد زخمی ہوگئے۔