مزید خبریں

عمران خان نے 19 جون کو مہنگائی کیخلاف احتجاج کی کال دیدی

 

اسلام آباد (نمائندہ جسارت ،خبر ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے 19 جون کو رات 9 بجے مہنگائی کے خلاف احتجاج کی کال دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اتوار کو مہنگائی اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک گیر احتجاج کے لیے نکلے۔ اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو بھی احتجاج میں شرکت کی دعوت دے رہا ہوں،چاہتا ہوں کہ ان کرپٹ لوگوں کو پیغام جائے کہ اگر سنبھال نہیں سکتے تھے تو کیوں سازش کی؟ہم نے ہمیشہ پرامن احتجاج کیا یہ ہمارا جمہوری حق ہے، ہماری حکومت پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں،چیلنج کرتا ہوں کہ بتا دیں کہ عمران خان نے کوئی کرپشن کی ہو،عوام کو مہنگائی سے بچانے کے لیے ہم نے پٹرول اور ڈیزل پر 200 روپے کی سبسڈی دی، ہم نے بیرونی خسارہ تیسرے سال میں بالکل کم کر دیا تھا، یہ اب تک پیٹرول کی قیمت میں 85 روپے اضافہ کر چکے ہیں، پیٹرول کی قیمتیں مزید بڑھیں گی۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت میں آٹے کا تھیلا 1100 کا تھا جو اب 1500 کا ہو گیا، گھی کی قیمت بھی فی کلو 400 سے بڑھ کر 650 کلو تک پہنچ گئی ہے، بجلی ہم 16 روپے فی یونٹ چھوڑ کر گئے تھے، آج بجلی 29.5 روپے فی یونٹ ہو گئی جو مزید بڑھے گی۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے خلاف ہونے والی سازش پر اتحادی ہمیں چھوڑ گئے تھے، حقائق قوم کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں، سچ زیادہ دیر تک نہیں چھپایا جا سکا، سازش میں ملوث افراد نے مہنگائی کا راگ پکڑا ہوا تھا۔علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تگڑا شو کرنے والا ہوں لیکن ابھی نہیں بتائوں گا ،اگر امریکی سازش کامیاب ہوگئی تو ملک معاشی طور پر تباہ جائے گا، بلوں کو دودھ کی رکھوالی پر بٹھا دیا گیا،اگر ہم نے امر یکا کے سامنے جھکنا نہ چھوڑا تو ہم مکمل غلام ہو جائیں گے ، امریکا ہمیں کیوں حکم دے کہ ہم روس جائیں یا نہیں، معیشت میں عدم استحکام ہوا توسنبھالی نہیں جاسکے گی ، مجھے یہ خوف ہے کہ موجودہ حکومت پاکستان کو انتہائی کمزور کر دے گی یہ حکومت ہماری قوم کی آزادی کو خطرے میں ڈال رہی ہے ان سب کا ایک ہی حل ہے اور وہ ہے الیکشن، حقیقی آزادی دلوانے کے لیے ساری قوم کو نکلنا ہوگاجس ملک میں رول آف لا کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں وہاں پھر کیا ہوگاسب کو حقیقی آزادی کے لیے نکلنے کی دعوت دے رہا ہوں۔جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران کان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ بار اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آزادی کی جو تحریک چلی تھی اس میں وکلاء کا بہت بڑا کردار تھا، آج جو پاکستان کی حقیقی آزاد ی کی تحریک ہے اس میں اگر دیگر تمام شعبوں کو ایک طرف رکھ دیں تو پاکستان کے وکلاء کااس تحریک میں بہت بڑا کردار ہے۔ مجھے کہا گیا کہ جب عدم اعتماد کی ووٹ ہو گی تو آئینی طور پر مجھے قبول کر لینی چاہیے تھی، اب میں وکلاء کے سامنے حقائق رکھتا ہوں ، سات مارچ کو امریکی انڈر سیکرٹری آف سٹیٹ فار سائوتھ ایشیاء کی واشنگٹن میں پاکستانی سفیر سے ملاقات ہوتی ہے، وہ پاکستانی سفیر کو کہتا ہے کہ عمران خان روس کیوں گیا تھااور یہ اس کا اپنا اقدام تھااور امریکا اس کے اوپر بڑا ناراض ہے اور پھر کہتا ہے کہ عمران خان کو اگر تحریک عدم اعتماد جو اسمبلی میں پیش ہورہی ہے، ابھی سات کو پیش نہیں ہوئی تھی اور وہ تحریک عدم اعتماد پیش ہونے سے ایک دن پہلے آکر کہتا ہے اگر آپ عمران خان کو نہیں ہٹائیں گے تو پاکستان کو بڑی مشکلوں کا سامان کرنا پڑے گا اور پھر کہتا ہے کہ اگر ہٹا دو گے تو پاکستان کو معاف کردیا جائے گا۔سات کو یہ ہوتا ہے اور آٹھ کو اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پیش ہوتی ہے اورایک دم ہمارے اتحادیوں کو بھی خیال آتا ہے کہ یہ حکومت تو بہت بری ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکم کے بعد ہمارے پندرہ، بیس لوٹوں کو خیال آگیا امریکی سفارتخانے حزب اختلاف کے لوگوں سے ملنا شروع ہوگئے، امریکی سفارتخانے کا کیا کام کہ بیک بینچر سے ملے ،کے پی کے کے وزیر عاطف خان کو بھی حکومت ہٹانے کا کہا گیا۔ ہماری حکومت کے پہلے دوسال انتہائی مشکل تھے ،چائنہ مدد نہ کرتاتو بہت مشکل ہو جاتی پھر کورونا آگیا ،لاک ڈائون کا مشکل وقت گزراجس طرح کورونا کا مقابلہ کیا دنیا کے سامنے ہے،کورونا میں عوام کو بڑی مشکلات سے بچایا۔انہوں نے کہاکہ تیس سالوں میں ہماری معاشی پاور سب سے زیادہ رہی، ریکارڈ ایکسپورٹ ریکارڈ ٹیکس کولیکشن رہی سب سے زیادہ پیسہ کسانوں کو دیا گیا ،زرعی گروتھ بہترین رہی بیرونی سازش کے خلاف پاکستانی قوم نے اسٹینڈ نہ لیا تو بڑی مشکلات ہیں۔عمران خان نے کہاکہ میں غلامی کے سامنے ڈٹ گیا تھا میں بھی امریکا کے سامنے گھٹنے ٹیک سکتا تھا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پیٹرول کی قیمتیں بڑھنے سے غریب طبقہ پس جائے گا،اگر ہم نے امریکا کے سامنے جھکنا نہ چھوڑا تو ہم مکمل غلام ہو جائیں گے ، امریکا ہمیں کیوں حکم دے کہ ہم روس جائیں یا نہیں،امریکانے کئی دیگر ممالک میں بھی مداخلت کی جب ہماری چھ فیصد گروتھ تھی باہر سے پیسہ بھی آتا تھاجب معلوم ہوا کہ سازش ہو رہی تھی تو میں نے انکو سمجھایا جو سازش روک سکتے تھے ،شوکت ترین کو بھی کہا کہ انہیں واضح کریں سازش ہو رہی ہے ،اب امپورٹڈ حکومت آچکی ہے جن کے آتے ہی سٹاک مارکیٹ گر گئی، امپورٹڈ حکومت صرف این آر او ٹو لینا چاہتی ہے ،رول آف لاء کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں،محض سولہ ارب روپے کے کیسز ختم کروانے چاہتے ہیں ،تمام کیسز ہماری حکومت سے پہلے کے ہیںہم نے کسی سے کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی، مقصود چپڑاسی بھی مارا گیا دو انوسٹی گیٹر جان سے گئے ،ایک انوسٹی گیٹر نے کل پھانسی لے لی ،نیب و ایف آئی اے کے اوپر شہباز شریف بیٹھ گئے ہیں،امپورٹڈ حکومت نے نئے لاز سے تمام کرپشن کیسز ختم ہو جائیں گے۔قبل ازیں سابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کے سینئر رہنمائوں کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ موجودہ حکومت کے دور میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ پر بھرپور رد عمل دیا جائے گا، عمران خان نے پارٹی رہنمائوں کو پی ٹی آئی حکومت کے معاشی اعشاریوں کو بھرپور اجاگر کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس میں پی ٹی آئی کی سیاسی سرگرمیوں میں تیزی لانے کا بھی فیصلہ کیا گیا، اس سلسلہ میں عمران خان آج (جمعہ) کو لاہور کا دورہ کریں گے ، عمران خان لاہور میں پارٹی قائدین کے اجلاس کی صدارت کریں گے، جبکہ پنجاب کی سیاسی صورتحال اور ضمنی انتخابات پر مشاورت ہو گی۔