مزید خبریں

پیٹرولیم قیمتیں بڑھانے کے سوا کوئی چارہ نہ تھا ، معاشی مشکلات سے جلد نکل آئیں گے ، وزیر اعظم

اسلام آباد (اے پی پی،صباح نیوز)وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ سابق حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ اب تک کا بدترین معاہدہ کیا ،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کے متاثر ہونے کا احساس ہے لیکن اس کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر پڑنے والے اثرات سے پوری طرح آگاہ ہوں لیکن پی ٹی آئی کی سابق حکومت اور آئی ایم ایف کی ڈیل کے باعث موجودہ حکومت کے پاس پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا ۔ وزیراعظم نے کہاکہ وہ پی ٹی آئی کی حکومت اور آئی ایم ایف کے مابین ہونے والی ڈیل کے بارے میں قوم کو جلد اعتماد میں لیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ ان شا اللہ ہم اقتصادی مشکلات سے نکل آئیں گے ۔ وزیراعظم نے حیرانگی کا اظہار کیا کہ جنہوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ اب تک کا بدترین معاہدہ کیا اور انتہائی غلط معاشی فیصلے کیے ، کیاوہ سچ کا سامنا کرنے کی ہمت رکھتے ہیں ؟انہوں نے کہاکہ قوم اس وقت جن معاشی مشکلات سے گزررہی ہے ، اس کے ذمہ دار خود کو کیسے بری الزمہ قرار دے سکتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ وہ سابق پی ٹی آئی حکومت اور آئی ایم ایف معاہدے کے بارے میں قوم کو جلد اعتماد میں لیں گے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے روڈ ٹو مکہ منصوبے پر سعودی قیادت کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے ہزاروں پاکستانی عازمین حج کو سہولیات فراہم کی جائیں گی ،مستقبل میں اس کا دائرہ کار ملک کے دیگر شہروں تک پھیلایا جائے گا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کی قیادت میں ’’روڈ ٹو مکہ‘‘ پراجیکٹ ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی ۔ملاقات میں سعودی ڈپارٹمنٹ آف دی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ کے منصور شاہد ایس الطائیبی بھی موجود تھے۔ سعودی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں ۔انہوں نے کہاکہ علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر باہمی دلچسپی کے تمام امور پر دونوں ممالک کا موقف مشترک ہے ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک وقت کے نشیب و فراز میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں ، وزیراعظم نے روڈ ٹو مکہ منصوبے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کے تحت ہزاروں پاکستانی عازمین حج کو سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ سعودی سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، ترقی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔دریں اثناء وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سکھر حیدر آباد موٹروے منصوبے کو جلد شروع کرنے کی ہدایت کردی، قراقرم ہائی وے (تھاہ کوٹ رائے کوٹ سیکشن)، بابوسر ٹنل اور خضدار کچلاک روڈ پر بھی کام جلد شروع کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک ترقیاتی منصوبوں میں مزید تعطل کا متحمل نہیں ہو سکتا،متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ ملک و قوم کا وقت اور پیسہ بچانے کی ہر ممکن کوشش کریں،گزشتہ چار سالوں میں ترقی کا سفر مجرمانہ غفلت کے نتیجے میں روکا گیا۔ جمعرات کے روز وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے جاری شاہراہوں کے تعمیراتی منصوبوں پر پیش رفت پر جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، مولانا اسعد محمود، مشیر احد چیمہ، چیئرمین این ایچ اے اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی،وزیرِ اعظم کو سکھر حیدر آباد موٹروے منصوبے کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا گیا، بتایا گیا کہ ایم-6سکھر حیدر آباد موٹروے کراچی پشاور موٹروے کا اہم سیکشن ہے جس پر کام گزشتہ حکومت کی سست روی کی وجہ سے تعطل کا شکار رہا، 306 کلومیٹر لمبا چھ رویہ موٹروے 15 انٹرچینجز کے ساتھ 6 اضلاع میں سے گزرے گا،موٹروے کے قیام سے سفر کا وقت کم ہونے کے ساتھ ساتھ ایندھن کی بچت اور پورے پاکستان سے برآمدات کی کراچی بندرگاہوں تک رسائی میں آسانی پیدا ہوگی۔ قبل ازیںوزیراعظم شہبازشریف سے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی اور پاک بحریہ سے متعلق پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا ، یہ بات وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان میں بتائی گئی ہے ۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کاروبار دوست ماحول پیدا کرنے کے لیے سیکٹر ا سپیسیفک کونسلزقائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی شہروں میں ایکسپورٹ سیکٹر کی ترقی کے لیے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کی ترغیب کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر ایک جامع حکمت عملی تیارکی جائے، انھوں نے سیالکوٹ میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی یونیورسٹی کے قیام اور سیف سٹی پراجیکٹ جلد شروع کرنے کی بھی ہدایت دی۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق جمعرات کے روز وزیر اعظم شہباز شریف سے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اور سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ کے وفد نے ملاقات کی،ملاقات میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی شریک ہوئے۔