مزید خبریں

ڈالر کا نیا ریکارڈ،209 روپے سے متجاوز۔ سونا مزید 1000 روپے مہنگا

کراچی ( بزنس رپورٹر ) ملک میں مالیاتی بحران اور غیر یقینی معاشی حالات کے باعث ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ بدستور جاری ہے، ڈالر کی قیمت پہلی بار 209 روپے سے بھی تجاوز کرگئی، سونا بھی مزید 1000 روپے مہنگا ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابقملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ انٹر بینک میں پاکستانی روپے کے مقابلے امریکی ڈالر 207 روپے اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر 209 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں تیزی سے کمی کے بعدڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں1.50روپے کاا ضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 206.40روپے سے بڑھ کر207.75روپے اور قیمت فروخت 206.80 روپے سے بڑھ کر 207.85روپے ہو گئی، اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 2 روپے مہنگا ہو گیا جس کے بعد ڈالر کی قیمت خرید 206.50 روپے سے بڑھ کر 208.50روپے اور قیمت فروخت207.50روپے سے بڑھ کر 209.50 روپے ہو گئی۔ علاوہ ازیں عالمی مارکیٹ میں گزشتہ روز سونے کی فی اونس قیمت میں 14 ڈالرز کی کمی ہوئی جس کے بعد ڈالرز کی قیمت 1819 ڈالرز فی اونس کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں کمی کے باعث مقامی سطح پر سونے کی قیمت1000روپے اضافہ سے ایک لاکھ 44 ہزار اور 10 گرام سونے کی قیمت 857 روپے اضافہ سے ایک لاکھ 23 ہزار 457روپے ہوگئی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 20روپے اضافہ سے1560 روپے کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔