مزید خبریں

معاشی ترقی کیلیے امریکا اور بھارت سے روابط بڑھانا ہوں گے ، وزیر خارجہ

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ ہم ملک کی معاشی ترقی کے لیے امریکا کے ساتھ اقتصادی روابط چاہتے ہیں جبکہ ہمیں بھارت کے ساتھ بھی اقتصادی روابط بڑھانا ہوں گے۔ اسلام آباد میں انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹیڈیز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول زرداری نے کہا کہ چین سے پاکستان کے تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط ہوں گے۔ سی پیک منصوبہ دونوں ممالک کی بے مثال دوستی کا مظہرہے۔چین امریکا تعلقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ چین اور امریکا کے درمیان پل کا کردار ادا کیا ۔ بڑی عالمی طاقتوںکے درمیان پاکستان اب بھی اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ اسلاموفوبیا کی مہم خطرناک حد کو چھونے لگی ہے۔ بی جے پی رہنمائوں کے بیانات نے بھارت میں تشدد کو ہوا دی ہے۔ وہاں ہندووتوا ذہنیت پنپ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہیوکرائن کی جنگ کا ہر پاکستانی کی زندگی پر براہ راست اثر پڑا ہے،یہ وقت ہے کہ اس وقت اقتصادی سفارت کاری پر توجہ دی جاے اور انگیج کیا جائے۔ افغانستان خود تاریخ کے مشکل دوراہے پر موجود ہے۔ پاکستان کے ہر طرف بحرانوں کا انبار ہے۔ علاوہ ازیں بلاول زرداری سے اقوام متحدہ کی ڈپٹی ہائی کمشنر برائے پناہ گزین کیلی ٹی کلیمینٹس نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی اور افغان مہاجرین کی صورتحال اور پاکستان اور یو این ایچ سی آر کے درمیان دیرینہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا ۔ وزیر خارجہ نے افغان پناہ گزینوں کی حمایت کے ساتھ ساتھ افغانستان کے شہریوں کو انسانی اور اقتصادی امداد کی فراہمی کے لیے بین الاقوامی برادری کی طرف سے مستقل شمولیت کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ابھرنے والی نئی انسانی صورتحال سے لاکھوں افغانوں کی ضروریات سے عالمی توجہ کو ہٹانا نہیں چاہیے۔ وزیر خارجہ نے پاکستان میں لاکھوں افغان پناہ گزینوں کی دیکھ بھال میں یو این ایچ سی آر کی طرف سے برسوں سے جاری امداد کو سراہا۔ادھرپاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول زرداری نے ٹویٹر پیغام میں کہا سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، تجارت، سرمایہ کاری اور دو طرفہ اقتصادی تعلقات بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔