مزید خبریں

کراچی میںضمنی انتخاب آج ہوگا، متعدد امیدواردستبردار

کراچی(نمائندہ جسارت)قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 240 کورنگی میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ انتظامات اورسیکورٹی اقدامات مکمل کرلیے گئے ہیں، بیلٹ پیپراورانتخابی سامان کی ترسیل کردی گئی ہے،حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، تمام پولنگ اسٹیشنوں کے باہرپولیس سیکورٹی اہلکار تعینات ہونگے،پولنگ اسٹیشنوں میں موبائل فون لے جانے پرپابندی ہوگی،پولنگ آج جمعرات کوصبح 8تا شام 5بجے بغیر کسی وقفے کے ہوگی۔ آزاد امیدوار عمیر علی انجم ایم کیو ایم امیدوار کے حق میں دستبردار ہوگئے ہیں جبکہ آزاد امیدوار نعیم حشمت نے مہاجر قومی موومنٹ کے امیدوارکی حمایت میں دستبرداری کا اعلان کردیا ہے۔جمعیت علمائے اسلام (ف) مئیو برادری اور قریشی برادری نے اس حلقے سے ایم کیو ایم کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ایک آزاد امیدوار شاہین خان نے مہاجر قومی موومنٹ کے امیدوار کے حق میں دستبرداری کا اعلان کردیا ہے، دوسری جانب مسلم لیگ ن نے پیپلز پارٹی کے امیدوار ناصر لودھی کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ دستبرداری اور حمایت کے اعلان کے بعد اب حلقے میں 6 سیاسی جماعتوں کے امیدواروںکے علاوہ 15آزاد امیدوار میدان میں باقی رہ گئے ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان، مہاجر قومی موومنٹ، ٹی ایل پی اورپاک سرزمین پارٹی کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔جبکہ تحریک انصاف نے بائیکاٹ کیاہواہے۔ادھرچیئرمین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفی کمال نے بھی الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن میں ایم کیو ایم اپنے کارکنان پریزائڈنگ افسران تعینات کرا کر دھاندلی کرنا چاہتی ہے۔ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا میں تمام پریزائڈنگ افسران کو تنبیہ کررہا ہوں کہ انسان بن کر اپنی ڈیوٹی کریں ورنہ وہ عوامی غیظ وغضب کوبرداشت نہیںکرسکیںگے۔علاوہ ازیں این اے 240کے الیکشن میں حصہ لینے والے مہاجر قومی موومنٹ کے امیدوار رفیع الدین فیصل نے الزام لگایا ہے کہ ایم کیو ایم سرکاری ذرائع استعمال کرکے الیکشن پر اثر انداز ہورہی ہے ، آر او کو تبدیل کراکر لاڑکانہ سے من پسند آر او کو لایا گیا ہے،وہ بدھ کی شب اپنے مرکزی الیکشن آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔انہوںنے کہ جعلی ووٹو ں کے کاریگر کی خدمات بھی لی جارہی ہے مگر عوام انہیں ٹھپے مارنے نہیں دیںگے۔