مزید خبریں

پیٹرولیم ڈیلرز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا مارجن 6 فیصد کرنے کا مطالبہ

اسلا م آباد (آن لائن) پیٹرولیم ڈیلرز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے حکومت سے مارجن 6 فیصد کرنے کا مطالبہ کر تے ہوئے مطالبات پورے نہ ہونے کی صو رت میں یکم جولائی سے ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کردیا۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیز کا کہنا ہے کہ مہنگائی میں اضافے کے باعث آپریٹنگ اخراجات میں 50 فیصد اور پروڈکٹ قیمتوں میں گزشتہ 6 ماہ میں 100 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ مہنگی بجلی اور لاجسٹک چارجز میں اضافے کے باوجود آئل مارکیٹنگ کمپنیز کو فی لیٹر 3 روپے 68 پیسے مارجن مل رہا ہے، او ایم سیز کا کہنا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں پر ٹرن اوور ٹیکس اعشاریہ 5 فیصد پر موجود ہے جس پر موجودہ صورت حال میں نظر ثانی ضروری ہے۔ بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور لاجسٹک اخراجات میں اضافے پر کمپنیوں کو معاملات چلانے میں دشواری کا سامنا ہے۔ چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن عبدالسمیع خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے یکم جون سے مارجن میں اضافے کی یقین دھانی کروائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے مطالبات پیش کرنے کے لیے وزیر پیٹرولیم سے ملاقات کے لیے کوشش کررہے ہیں۔ اگر وزیر پیٹرولیم ملاقات کا وقت نہیں دیتے تو ہم انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوں گے۔