مزید خبریں

برطانیہ: غیر قانونی مہاجرین کی روانڈا روانگی منسوخ

لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) برطانیہ سے مہاجرین کو لے کر روانڈا جانے والی ایک خصوصی پرواز آخری وقت میں منسوخ کر دی گئی۔ یورپی عدالت برائے انسانی حقوق نے خبردار کیا تھا کہ جن مہاجرین کو جبری طور پر روانڈا بھیجا جا رہا ہے، انہیں وہاں حقیقی قسم کے خطرات لاحق ہیں، اس لیے ایسا نہ کیا جائے۔ لندن حکومت سات مہاجرین کو ملک بدر کرتے ہوئے مشرقی افریقاکی ریاست بھیجنا چاہتی تھی۔ برطانوی وزیر داخلہ پریتی پٹیل نے یورپی عدالت کے اس فیصلے کومایوس کن قرار دیتے ہوئے عندیہ دیا ہے کہ مہاجرین کی ملک بدری کے لیے دوسری فلائٹ کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔واضح رہے کہ وزیراعظم بورس جانسن کی حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ وہ تارکین وطن ،جن کی درخواستوں کو منظور نہیں کیا گیا،وہ درخواست منظور ہونے تک افریقی ملک روانڈا میں رہیں گے۔ اس سلسلے میں لندن حکومت نے روانڈا سے معاہدہ بھی کرلیا تھا۔ ادھر اس فیصلے پر انسانی حقوق کی تنظیموں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس فیصلے کو عدالت میں چیلنج کردیا تھا۔