مزید خبریں

بابر اعظم ون ڈے اورٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں سر فہرست

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستانی کپتان اور ا سٹار بلے باز بابراعظم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ون ڈے پلیئرز رینکنگ میں بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں، امام الحق نے ایک درجہ ترقی کے ساتھ ویرات کوہلی سے دوسری پوزیشن چھین لی، اسی طرح ٹی ٹوئنٹی پلیئرز رینکنگ میں بابراعظم پہلے نمبر پر برقرار ہیں جبکہ محمدرضوان ایک درجہ بہتری کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گئے۔ گزشتہ روز آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ون ڈے پلیئرز رینکنگ میں پاکستانی بلے باز بابراعظم 892ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبرپر موجود ہیں، ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں 199رنزبنانے کے بعد امام االحق نے ویرات کوہلی کو دوسری پوزیشن سے محروم کر دیا، کوہلی تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے، پاکستانی اوپنر فخر زمان13ویں اور بھارت کے شیکھر دھاون 14ویں نمبر پر ہیں، اسی طرح ون ڈے بولرز میں شاہین شاہ آفریدی پہلی مرتبہ ٹاپ5 میں شامل ہو گئے، وہ2درجے ترقی کے بعد چوتھے نمبر پر پہنچ گئے، نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ بدستور سرفہرست ہیں، شاداب خان 8 درجے چھلانگ لگا کر 30ویں نمبر پر پہنچ گئے جبکہ محمد نواز 53 درجے ترقی کر کے ٹاپ 50 میں 47 ویں نمبر پر آ گئے ۔ دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی پلیئرز رینکنگ میں بلے بازوں میں بابر اعظم 818 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پربرقرار ہیں جبکہ محمد رضوان ایک درجہ ترقی کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ گئے، جنوبی افریقن بلے باز ایڈن مرکرم ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے، فخر زمان 46ویں نمبر پر ہیں، ٹی ٹوئنٹی بولرز میں شاہین آفریدی 12ویں، شاداب خان 16ویں، حارث روف 29ویں، محمد نواز 60ویں اور حسن علی 63ویں نمبر پر ہیں۔