مزید خبریں

ملکی تاریخ میں پہلی بار امریکا کو سیمنٹ کی برآمد شروع ہوگئی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ملکی تاریخ میں پہلی بار امریکا کو سیمنٹ کی برآمد شروع ہوگئی ہے جسے زیادہ ترقیاتی بجٹ کی وجہ سے کموڈٹی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔صنعتی ذرائع کے پاکستان کے معروف سیمنٹ پروڈیوسر ڈی جی خان سیمنٹ نے کامیابی سے امریکا سے 0.6 ملین ٹن کا سیمنٹ ایکسپورٹ آرڈر حاصل کر لیا ہے۔اس سے قبل پاکستانی سیمنٹ بنانے والے افریقی ممالک، بھارت اور افغانستان کو سیمنٹ برآمد کرتے تھے، تاہم اب امریکا پاکستان کے لیے سیمنٹ کی ایک نئی برآمدی منڈی بن کر سامنے آیا ہے۔ تاریخ میں پہلی بار کوئی پاکستانی کمپنی تعمیراتی خام مال امریکا کو برآمد کر رہی ہے۔تمام رسمی تقاضوں کو پورا کرنے کے بعد ڈی جی خان سیمنٹ کمپنی نے امریکا کو سیمنٹ بھیجنا شروع کر دیا ہے اور اس وقت 50,000 میٹرک ٹن سیمنٹ کی پہلی کھیپ کراچی پورٹ ٹرسٹ پر ٹومنی فیلیسیٹی (Tomini Felicity)نامی جہاز پر لوڈ کی جا رہی ہے۔سیمنٹ 1.5 میٹرک ٹن کے جمبو تھیلوں میں برآمد کیا جا رہا ہے۔ توقع ہے کہ جہاز پر سیمنٹ کی لوڈنگ ایک ہفتے میں مکمل ہو جائے گی اور پھر یہ جہاز اپنی منزل ہیوسٹن، ٹیکساس یو ایس اے کے لیے روانہ ہو جائے گا۔ ڈائریکٹر مارکیٹنگ ڈی جی خان سیمنٹ فرید فضل کے مطابق کھیپ کو ٹیکساس، امریکا پہنچنے میں تقریباً 32 دن لگیں گے، یہ نہ صرف ڈی جی خان سیمنٹ کمپنی بلکہ پاکستان کے لیے بھی اعزاز کی بات ہے کہ پہلی بار امریکا کو سیمنٹ برآمد کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ مجموعی طور پر ڈی جی خان سیمنٹ کمپنی کو 0.6 ملین میٹرک ٹن کا ایکسپورٹ آرڈر ملا ہے اور پوری مقدار اگلے ایک سال میں ایکسپورٹ کر دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستانی سیمنٹ اعلیٰ معیار کی پروڈکٹ ہے اور کسی بھی مارکیٹ کی معیاری ضروریات پوری کر سکتی ہے،امریکی حکام کی جانب سے پاکستانی سیمنٹ کے متعدد معیار کے ٹیسٹ کے بعد برآمدات کا آغاز ہوا ہے اور یہ ڈی جی خان سیمنٹ کے لیے ایک قابل ذکر کامیابی ہے، جو اب امریکا کو سیمنٹ کی فراہمی کے لیے TXDOT، LDOT، NCDOT اور SCDOT سے تصدیق شدہ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے انفرااسٹرکچر کی تعمیر نو کے لیے شروع کیے گئے متعدد ترقیاتی منصوبوں کی وجہ سے امریکا کو سیمنٹ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ امریکی حکومت کی جانب سے تقریباً 6 ٹریلین ڈالر کے ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی سنگین مالیاتی بحران کا سامنا کر رہا ہے اور اسے جاری بحران سے نکلنے اور بیرونی کھاتوں پر دباؤ کم کرنے کے لیے رقوم کے بہائو کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یقینی طور پر، امریکا کو سیمنٹ کی برآمد سے قومی خزانے میں غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھانے کے لیے مزید زرمبادلہ آئے گا۔