مزید خبریں

پاکستان اسٹاک ، 50فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ سے پاکستان کے اخراج کی امیدوں پر کیپٹل مارکیٹ کے سرمایہ کارایک بار پھر متحرک ہو گئے جس کی وجہ سے بدھ کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان رہا اور کے ایس ای100انڈیکس 300پوائنٹس بڑھ گیا جس کی وجہ سے انڈیکس 41ہزار پوائنٹس سے بڑھ کر 41400پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا ۔کاروباری تیزی کے باعث مارکیٹ کے سرمائے میں 40ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ 51.92فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو کاروبار کا آغاز تیزی کیساتھ ہوا ،سرمایہ کاروں ،مقامی انسٹی ٹیوشنز اور بروکریج ہائوسز کی پراپرٹیز ،ریفائنری ،ٹیلی کام ،گیس ،فوڈذ ،بینکنگ اور توانائی کے شعبوں میں خریداری کے باعث ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 41400،41200،41300اور41400پوائنٹس کی4بالائی حد عبور کر گیا ۔اسٹاک ماہرین کے مطابق چین کی جانب سے مزید مالی معاونت کی یقین دہانی مارکیٹ کیلئے خوش آئند ہے جبکہ خام تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے اور بجٹ میں کیپٹل گین ٹیکس (سی جی ٹی) میں کمی نے بھی کاروباری سرگرمیاں بڑھانے میں اپنا کردار ادا کیا۔پہلے مارکیٹ زائد فروخت کے زون میں تھی اور اب تکنیکی بہتری کے رخ پر ہے۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو کے ایس ای100انڈیکس میں384.11پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 41054.68پوائنٹس سے بڑھ کر41438.79پوائنٹس ہو گیا اسی طرح 167.13پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای30انڈیکس 15647.87پوائنٹس سے بڑھ کر15815.00پوائنٹس پر جا پہنچاجبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 28164.45پوائنٹس سے بڑھ کر 28335.66پوائنٹس پر بند ہوا ۔کاروباری تیزی سے مارکیٹ کے سرمائے میں 40ارب 67کروڑ14لاکھ8ہزار674روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 68کھرب 56ارب 78کروڑ 49لاکھ 88ہزار419 روپے سے بڑھ کر68 کھرب97 ارب45کروڑ63لاکھ97ہزار93روپے ہو گیا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو4ارب روپے مالیت کے14کروڑ17لاکھ5ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ منگل کو3ارب روپے مالیت کے 12کروڑ1لاکھ25ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔