مزید خبریں

کراچی کے ماسٹر پلان 2047 پر کام جاری ہے، محمد علی شاہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) سید محمد علی شاہ نے کے ڈی اے اور کے سی سی آئی کے درمیان ایک کمیٹی بنانے کی کراچی چیمبر کی تجویز سے اتفاق کیاہے تاکہ تاجر برادری کو کے ڈی اے سے متعلق مسائل کو فوری طور پر حل کیا جاسکے۔انہوں نے یقین دلایا کہ وہ کراچی چیمبر کے نمائندے کو کے ڈی اے کی گورننگ باڈی میں شامل کرنے کی سفارش کریں گے جس میں اس وقت ممبران کو شامل کیا جا رہا ہے۔ یہ بات انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے دورے کے موقع پر اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں چیئرمین بی ایم جی زبیر موتی والا (بذریعہ زوم)، صدر کے سی سی آئی محمد ادریس، نائب صدر قاضی زاہد حسین، چیئرمین ہاؤسنگ، کنسٹرکشن اینڈ رئیل اسٹیٹ سب کمیٹی آصف سم سم، سابق صدر یونس بشیر ، کے سی سی آئی مینیجنگ کمیٹی کے اراکین کے علاوہ ریئل اسٹیٹ اور کنسٹرکشن سیکٹر سے وابستہ تاجروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈی جی کے ڈی اے نے کہا کہ کراچی کے ماسٹر پلان 2047 پر کام جاری ہے اور اس کی فزیبلٹی کی منظوری دے دی گئی ہے جس میں کراچی کے ناقص انفرااسٹرکچر کو مکمل طور پر بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید ترین طرز پر بنایا جائے گا۔ کے ڈی اے کے فور پراجیکٹ کے ساتھ ساتھ کے فور سے منسلک ضروری انفرااسٹرکچر کی تعمیر کے منصوبے شروع کر کے اپنا کردار ادا کر رہا ہے جیسا کہ دیکھا گیا ہے کہ کئی علاقے جہاں کے فور منصوبے کے تحت پانی کی فراہمی کی جانی ہے ۔ڈی جی کے ڈی اے نے بی آر ٹی منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گرین لائن پراجیکٹ کے تحت بہت سی بسیں پہلے ہی چل رہی ہیں اور اورنج لائن پراجیکٹ کے لیے کچھ اور بسیں بھی آ چکی ہیں جو جلد مکمل ہو جائے گا جبکہ ریڈ لائن پراجیکٹ پر بھی جلد کام شروع ہو جائے گا۔ان تمام منصوبوں کو کے ڈی اے کی طرف سے جہاں بھی ضرورت پڑی مکمل سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔