مزید خبریں

ٹریفک مسائل حل کرنے کیلیے کردار ادا کیا جائے،ڈپٹی کمشنر حیدرآباد

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) ٹریفک منیجمنٹ بورڈ کا14 واں اجلاس ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو کی زیر صدارت شہباز ہال حیدرآباد میں منعقد ہوا جس میں ٹریفک منیجمنٹ بورڈ کے 12 ویں اور 13 ویں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ حیدرآباد کے مصروف ترین روڈز رسالہ روڈ اور اسٹیشن روڈ سے ٹریفک کی روانی کوبہتر بنانے کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو باہمی تعاون سے مسئلے کو حل کرنا ہے اور ٹریفک اینڈ روڈ سیفٹی فائونڈیشن نے مذکورہ دونوں سڑکوں کے لیے مکمل پلان بنا کر فراہم کیا تھا جس کے بعد شہر کی دوسری سڑکوں پر بھی ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے کام کیا جانا تھا لیکن بدقسمتی سے ان پرمکمل عملدرآمد نہیں کیا جاسکا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژنل کمشنر حیدرآباد اور ڈی آئی جی حیدرآباد سے اس ضمن میں اجلاس منعقد ہوا ہے جس میں ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن سہولت اور تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا اور جہاں بھی ضرورت ہے وہاں ٹائر برسٹر نصب کیے جائیں گے جبکہ ٹریفک منیجمنٹ بورڈ کے تمام ممبران شہر میں ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کے لیے سنجیدگی سے اپناکردار ادا کریں۔انہوں نے متعلقہ افسران کو کہا کہ غیر قانونی چارجڈ پارکنگ کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں۔