مزید خبریں

چھوٹے صوبوں میں اقتصادی زونز کی تعمیر ہماری ترجیحات ہے ،شہباز شریف

رشکئی (اے پی پی) وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ رشکئی اقتصادی زون میں ترقیاتی کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں اور تمام رکاوٹوں کو فوراً دور کیا جائے‘ چھوٹے صوبوں میں اقتصادی زونز کی تعمیر ہماری ترجیح ہے۔ انہوں نے یہ ہدایت بدھ کو رشکئی خصوصی اقتصادی زون کے دورے کے دوران جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ رشکئی خصوصی اقتصادی زون 1000ایکڑ پر محیط ہے۔رشکئی خصوصی اقتصادی زون میں لائٹ انجینئرنگ، آٹو موٹو، کنسٹرکشن اور فوڈ پروسیسنگ اور برآمدات کو مد نظر رکھتے ہوئے شعبوں کو ہدف بنایا ہے جس میں مقامی لوگوں کے لیے براہ راست اور بالواسطہ ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ رشکئی خصوصی اقتصادی زون میں پانی کی پائپ لائن بچھانے جبکہ گیس پائپ لائن بچھانے کا کام اور سول ورکس تکمیل کے مراحل میں ہے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ رشکئی خصوصی اقتصادی زون میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے دی گئی مقررہ مدت پر سختی سے عمل کیا جائے۔ وزیراعظم نے مزید ہدایت جاری کی کہ رشکئی خصوصی اقتصادی زون کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی اداروں میں جہاں جہاں ہم آہنگی کی کمی اور مشکلات ہیں انہیں جلد از جلد دور کیا جائے۔مزید برآں ہدایت کی کہ چینی کمپنی کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے تا کہ خصوصی اقتصادی زون پر کام کی رفتار تیز تر کی جا سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم سب نے مل کر صنعتی ترقی اور ریونیو بڑھانے کے لئے کام کرنا ہے تاکہ پاکستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنایا جا سکے۔ وزیر اعظم نے چینی کمپنیز کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان کی کمپنیز ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چھوٹے صوبوں میں اقتصادی زونز کی تعمیر ہماری ترجیح ہے۔ وزیر اعظم نیرشکئی خصوصی اقتصادی زون سائٹ کا دورہ بھی کیا اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا