مزید خبریں

پی ٹی آئی دور میں بھرتی‘2 پراسیکیوٹرز کو ہٹانے پر غور

اسلام آباد (آن لائن) وزارت داخلہ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کی جانب سے سابق پی ٹی آئی حکومت کے مقرر کردہ2 پراسیکیوٹرز کو ہٹانے کی درخواست کا جائزہ لے رہی ہے، جنہوں نے مبینہ طور پر صدر عارف علوی، سابق وزیراعظم عمران خان سمیت متعدد سابق وزرا کو انسداد دہشت گردی کی عدالت کے سامنے اعترافی بیان دے کر پارلیمنٹ ہاؤس حملہ کیس سے بری کرانے میں سہولت فراہم کی تھی۔ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد بیرسٹر جہانگیر خان جدون نے6 جون کو پراسیکیوٹرز میاں عامر سلطان گورایہ اور فاخرہ عامر سلطان کو ہٹانے کے لیے سیکرٹری داخلہ کو خط لکھا جنہیں پارلیمنٹ میں درج3 ایف آئی آر میں نامزد ملزمان کے خلاف کارروائی کے لیے مقرر کیا گیا تھا، وفاقی دارالحکومت میں پی ٹی آئی کے2014ء کے دھرنے کے دوران پارلیمنٹ ہاؤس اور پی ٹی وی پر حملے کیے گئے تھے۔ علاوہ ازیں وزارت داخلہ نے ملک میں چین کی سیکورٹی کمپنی بنانے کی درخواست مسترد کردی۔ ذرائع کے مطابق چین نے پاکستان میں سیکورٹی کمپنی بنانے کی درخواست کی جبکہ چین نے درخواست منسٹری آف اسٹیٹ سیکورٹی کی طرف سے حکومت پاکستان کو ارسال کی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ وزارت داخلہ نے چینی حکومت کی درخواست پر اعتراض لگا دیا۔ پاکستان میں کسی دوسرے ملک کو سیکورٹی کمپنی کھولنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔